جہانگیر ترین سے جھگڑا، عمران کی پراسرار خاموشی، شاہ محمود قریشی ن لیگ میں شامل ہو سکتے ہیں


ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر تحریک انصاف میں اختلافات بڑھ چکے ہیں۔ اس حوالے سے شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں جھگڑے کی اطلاعات عام ہو چکیں۔ بنی گلہ کے ایوان مین اس گلاس کے ٹوٹنے کی بازگشت ابھی باقی ہے جو شاہ محمود قریشی نے جہانگیر ترین پر پھینکا تھا۔ تازہ اطلاعات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف چھوڑنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ اس وجہ سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان شدید ذہنی دباؤ میں ہیں۔

ایک نجی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کا تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا امکان ہے۔ ایک اور نجی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ بنی گالہ میں ہونے والے ایک اجلاس میں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کی آپس میں تکرار کے بعد ایک سینئر رہنما اجلاس سے چلے گئے اور ٹکٹ بھی واپس کر گئے اور جاتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ تحریک انصاف سے علیحدہ ہو جائیں گے۔

عمران خان ٹکٹوں کی تقسیم سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے بہت پریشان ہیں اور کوئی بھی فیصلہ کرنے میں تذبذب کا شکار ہیں، وہ پارٹی کے اندرونی جھگڑوں کی وجہ سے پارلیمانی بورڈ تحلیل کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔ جہانگیر ترین کے پارٹی میں اثر و رسوخ کی بدولت ان کے سیاسی مخالف شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف چھوڑنے کی دھمکی دی ہے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ بنی گالہ اجلاس میں ہونے والی بدمزگی کے بعد شاہ محمود قریشی ن لیگ میں شمولیت پر غور کر رہے ہیں۔ ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو آنے والے کچھ دنوں میں شاہ محمود قریشی بڑا سیاسی دھماکہ کر سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).