تحریک انصاف نے پانچ سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لی


تحریک انصاف نے عام انتخابات 2018ء کے لیے پانچ سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ق)، عوامی مسلم لیگ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس۔ مسلم لیگ (ضیا) اور مجلسِ وحدت مسلمین سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں تحریک انصاف کو پندرہ سے زائد امیدواروں کی جیت کا یقین ہے، مسلم لیگ (ق) سے تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے چار حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے، چکوال اور بہاولپور کے ایک ایک اور گجرات کے دو حلقوں میں تحریک انصاف کے ووٹرز مسلم لیگ (ق) کی حمایت کریں گے۔ گجرات شہر میں تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بعد ق لیگ کا راج ہو گا۔

دوسری جانب شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ کے ساتھ راولپنڈی کے دو حلقوں این اے 60 اور این اے 62 پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گئی ہے، ٹی وی ذرائع کے مطابق بھکر کے ایک حلقے میں تحریک انصاف نے مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لی ہے اس کے علاوہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ سندھ میں دس سے زیادہ سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے۔ تحریک انصاف نے مسلم لیگ ضیاء کے ساتھ اعجاز الحق کی سیٹ پر بھی ایڈجسٹ کی ہے، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری اگر الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان نہ کرتے تو ان کے ساتھ بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جاتی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).