پاکستانی صحافی ایک ماہ کی تربیت پر امریکہ پہنچ گئے


22 پاکستانی صحافی آج کل چار ہفتے کے تربیتی پروگرام پر امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔ بین الاقوامی صحافیوں کی تربیت کے امریکی ادارے ”انٹرنیشنل سنٹر فار جرنلسٹس“ (ICFJ ) کی جانب سے ان صحافیوں کے دورے کا اہتمام کیا گیا ہے، جس کے لیے مالی معاونت امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایجوکیشنل اینڈ کلچرل آفئیرز بیورو نے مہیا کی ہے۔

رواں ہفتے امریکہ پہنچنے والے، پاکستان کے پرنٹ، براڈ کاسٹ اور ڈئجیٹل میڈیا کی فیلڈ سے تعلق رکھنے والے ان صحافیوں کو گزشتہ روز ”آئی سی ایف جے“ کے آفس واقع واشنگٹن ڈی سی میں پریزینٹیشن دی گئی۔ جس کے بعد انہیں ٰامریکہ بھر میں مختلف نشریاتی اداروں کے نیوز رومز میں جدید صحافت کی ایک ماہ کی عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ جس سے انہیں صحافت میں جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی رپورٹنگ استعداد بڑھانے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

نیوز رومز میں انٹرنشپ کے علاوہ ان صحافیوں کو امریکہ کے دیگر بڑے پرنٹ، نشریاتی اداروں کے علاوہ دوسرے شہروں کے دورے بھی کرائے جائیں گے۔

آئی سی ایف جے کے مطابق، ”یو۔ ایس۔ پاکستان پروفیشنل پاٹنرشپ ان جرنلزم پروگرام“ کے تحت، 2011ء سے لے کر 2018ء تک 240 پاکستانی صحافی ایک ماہ کی ٹریننگ کے لیے امریکہ آ چکے ہیں۔ جبکہ اسی دوران 40 امریکی صحافیوں کو بھی پاکستان بھجوا گیا۔ تا کہ انہیں پاکستانی کلچر اور زندگی کے ساتھ ساتھ اپنے ہم پیشہ پاکستانی صحافیوں سے بھی بہتر ہم آہنگی کے مواقع فراہم ہو سکیں۔
اس پروگرام کے تحت رواں سال جسطرح 22 صحافی پاکستان سے امریکہ پہنچے ہیں۔ اسی طرح 16 مزید امریکی صحافی دو ہفتے پاکستان میں گزاریں گے۔

امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے سپانسر کردہ اس پروگرام میں شرکت کے لیے اہل امیدواروں کا انتخاب، ”یو ایس ایجوکیشن فاونڈیشن ان پاکستان“ (USEFP) کرتی ہے۔ اہل امیدواروں کے لئے ضروری ہے کہ وہ کسی پرنٹ، براڈ کاسٹ اور ڈئجیٹل میڈیا کے ساتھ منسلک ہوں اور تین سے دس سال کا عملی صحافت کا تجربہ بھی رکھتے ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).