میں کسی کو ووٹ نہیں دوں گی


میں کسی کو ووٹ نہیں دوں گی۔ اس لئے نہیں کہ میرا شناختی کارڈ نہیں بنا بلکہ اس لئے کیونکہ میں فی الحال کسی کو ووٹ کے قابل نہیں سمجھ رہی۔ ایسا نہیں ہے کہ میں ووٹ کی قدر و قیمت سے واقف نہیں بلکہ میں اس ایک ووٹ کی اہمیت کو بے انتہا جانتی اور مانتی ہوں لہٰذا اس ہی لئے اس ووٹ کی قدر و قیمت قائم رکھتے ہوئے میں کسی کو ووٹ نہیں دینا چاہتی۔ جن لوگوں نے الیکشن میں کھڑا ہونا ہے وہ تو سالہاسال اپنے عالیشان بنگلوں کے اے سی والے کمروں سے نکل کر پراڈو اور کرولا کی حدود تک محدود رہے۔ جنہوں نے اپنے گھر سے نکل کر سالہاسال کسی محلے کا چکر پیدل چل کر نہیں کاٹا تو میرا ان کو یہ ہی ذاتی مشورہ ہے کہ اپنے ووٹ کی امید بھی صرف ان بنگلوں کے ملازمین اور پراڈو کے ڈرائیور سے ہی رکھیں یوں جون جولائی کی سڑی گرمی میں ٹوٹی پھوٹی سڑکوں۔ محلے اور جگہ جگہ کھڑے ہوئے پانی سے ووٹ مانگنے کی اداکاری سے گریز کریں۔ کہیں ووٹ کے چکر میں لوں نہ لگ جائے اور علاج معالجے کے لئے بیرونِ شہر نہ جانا پڑ جائے کیوں کہ آپ آج تک اپنے معیار کا اک اسپتال بھی قائم نہیں کر پائے۔

میرے اک عزیز مجھے کہتے ہیں کہ ایسا نہیں ہے کہ کسی بھی پارٹی نے آج تک کوئی کام نہیں کیا جس نے کام کیا ہے پلیز آپ ان کے لوگوں کو ہی ووٹ دے دیجئے گا تو میں نے ان سے نہایت معزرت سے کہا کہ معاف کیجئے گا ممکن ہے کسی پارٹی نے کوئی کام کیا ہو۔ تو جس پارٹی نے جس کا کام کیا ہو اور ان کا خیال کیا ہو تو ان کو لازمی چاہیے کہ اپنی پارٹی کو سپورٹ کریں ان کو ووٹ دیں ان کے ساتھ خیانت نہ کریں لیکن میں تو بچپن سے اب تک کسی پارٹی کے اہلکار کو نہیں دیکھا جس نے آکر مجھ سے پوچھا ہو کہ بیٹا آپ کو بڑا ہو کر کیا بننے کی خواہش ہے ہم آپ کو بنوائیں گے کیوں کہ آپ ہی ہمارے مستقبل کے معمار ہو۔ میں نے تو نہیں دیکھا کہ کبھی سیاسی رہنما نے ہمارے یا کسی کے بھی گھر کے لوگوں کی تعلیم کے اخراجات کا جائزہ لیا ہو۔ کبھی یہ معلوم کرنے کی کوشش کی ہو کہ کس کے گھر میں راشن نہیں۔ کس کی بیٹیوں کے جہیز نہیں ہیں۔ کس کے بچوں نے عید پہ کپڑے نہیں بنائے اور کس کے پاس نوکریاں نہیں ہیں اور کس کے ذاتی مکان نہیں ہیں۔

جن کے پاس یہ اہم معلومات حاصل کرنے کا وقت نہیں ہے تو میں کیوں اپنا قیمتی وقت برباد کرکے ایسے لوگوں کو ووٹ دینے جاؤں۔

ہاں مجھ سے اگر کسی نے پوچھا کہ تم بڑی ہوکر کیا بننا چاہتی ہو؟ عید پہ کونسے کپڑے لینا چاہتی ہو؟ پڑھنے کے لئے کون سی کتابیں چاہیے میری بیٹی کو؟ اس مہینے نونہال ہی لاؤں یا کوئی دوسرا میگزین لاؤں؟ یہ تمام سوالات کی پرواہ کسی نے کی تو وہ شخصیت صرف اور صرف میرے والد نے۔ لہٰذا اگر وہ کبھی الیکشن میں کھڑے ہوئے تو میرا وعدہ ہے میں ووٹ ضرور دوں گی اور ان ہی کو دوں گی کیونکہ ان کے وعدے کبھی جھوٹے نہیں ٹھرے۔ ان کی باتیں البتہ کبھی کبھار میری اپوزیشن میں ضرور ہوجایا کرتی تھیں لیکن وہ بھی میرے مفاد کے لئے ہی ہوتی تھیں اب اگر وہ الیکشن لڑیں گے تو میں نہ دے کر امانت میں خیانت نہ کروں گی۔ لیکن میں ایسے لوگوں کو ووٹ کیوں دوں جن لوگوں نے میرے مستقبل کی پرواہ کی۔ نہ حال کی۔ نہ تعلیم میں میری مدد کی۔ نہ نوکری میں۔ الغرض جب سارے معاملات کے درمیان کسی کو کوئی سروکار نہیں تھا اور کسی کو پرواہ نہ تھی تو وہ لوگ آج مجھے ایسے لوگوں کے لئے قائل نہ کریں کہ میں انہیں ووٹ دوں۔

الحمدللہ مجھ پہ اور میری فیملی پہ کسی پارٹی کا کوئی احسان نہیں جس کے بوجھ تلے میں سوچوں کہ ووٹ نہ دے کر خیانت ہوجائے گی البتہ کسی پارٹی سے احسان لینے کے بجائے میری فیمیل نے ان پہ احسان ضرور کیا ہے کبھی چندہ دے کر۔ کبھی کھالیں دے کر اور کبھی بھتہ دے کر۔

اس لئے میرا ووٹ نہ دینا کسی خیانت میں شمار نہ ہوگا۔ اس کے بجائے اگر ان پارٹیوں نے الیکشن جیت کر بھی اپنے بینک اور تجوری بھرنے کے اور اپنے بچوں کو لندن امریکہ بھیجنے کے کوئی کام نہ کیا تو وہ ضرور خیانت میں شمار ہوگا اور اس کا بروزِ قیامت الگ سے حساب بھی ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).