سنجے دت، نرگس، مادھوری اور ایک پرانا خط


سوچیے کہ ادھر ایک لڑکے کا کرئیر شروع ہونے جا رہا ہے، وہ دن رات پاگلوں کی طرح کام مکمل کرنے میں لگا ہوا ہے اور ادھر اس کی ماں بستر مرگ پر ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ کسی بھی طرح جان چھڑائے اور اڑ کر اپنی ماں کے پاس چلا جائے مگر وہ نہیں جا سکتا۔ ڈسٹری بیوٹرز کو تاریخ دے دی گئی ہے، فلم مئی کی آٹھ تاریخ کو ریلیز ہونی ہے، کام ختم کرنا ضروری ہے۔ بیچ میں جب قسمت سے کوئی بریک ملتا ہے تو وہ دیوانہ وار ماں کو دیکھنے چلا جاتا ہے۔ فلم بن گئی۔ ماں کی شدید خواہش ہے کہ وہ فلم کا پریمئیر دیکھ سکے لیکن صرف چار روز پہلے ماں اس دنیا سے چلی جاتی ہے۔ سنجے انگریزی محاورے کے مطابق شیٹرڈ ان ٹو پیسز ہو جاتا ہے۔ زندگی کی پہلی فلم “راکی” ماں کی موت کے چار روز بعد ریلیز ہوتی ہے اور سوپر ڈوپر ہٹ جاتی ہے۔ لیکن ماں اس کی وہ سب کامیابی نہیں دیکھ پاتی۔

سنجے عام بچوں سے کچھ زیادہ اپنی ماں سے اٹیچ تھا۔ یہ خط دیکھیں جو اس نے اپنی بیمار ماں کو لکھا؛

58 پالی ہل، باندرہ، بمبئی

یکم دسمبر 1980

ڈئیریسٹ، ڈارلنگ، سوئیٹیسٹ ماں!

امید کرتا ہوں کہ یہ خط جب آپ کو ملے گا آپ اتنی ہی حسین اور خوبصورت لگ رہی ہوں گی جتنی ہمیشہ دکھائی دیتی ہیں۔ ماں آپ جانتی ہیں کہ آپ کا آپریشن بالکل کامیاب ہوا ہے اور ڈاکٹر بہت خوش ہیں۔ آپ بالکل ٹھیک ہیں مگر آپ کو بھی ذہنی طور پر اپنے آپ کو تیار کرنا چاہئیے اور یہ محسوس کرنا چاہئیے کہ آپ واقعی اچھی ہو گئی ہیں۔

ماں! کیا آپ جانتی ہیں کہ میں آپ سے کتنا پیار کرتا ہوں؟ میں شرط لگاتا ہوں کہ نہیں۔ لیکن ماں میں آپ کو بہت چاہتا ہوں، پاگل پن کی حد تک ماں۔ اس لیے آپ اچھی ہو جائیں۔ بہت جلد اور جلد از جلد گھر آ جائیں۔ آپ کو اپنے شوہر کا، اپنے بچوں کا واسطہ ماں۔ ہم سب آپ کے بغیر نہیں رہ سکتے ہیں۔ ہم آپ کو چاہتے ہیں۔ ہمیں آپ کی ضرورت ہے ماں!

آپ سوچ بھی نہیں سکتی ہیں کہ پاپا آپ کو کتنا پیار کرتے ہیں، کتنا چاہتے ہیں، آپ کا کتنا خیال رکھتے ہیں۔ میں نے سنا ہے کہ آپ یہی کہتی رہی ہیں کہ آپ اب اچھی نہیں ہوں گی۔ ماں! آپ ہرگز ایسا نہ کہیں۔ میری خاطر۔ آپ ہمیشہ یہی سوچیں کہ آپ اچھی ہو گئی ہیں اور گھر واپس آ جائیں گی۔ اپنے بچوں کے لیے، اپنے شوہر کے لیے۔۔۔ ہے نا ماں؟

ماں! اب آپ کا یہ لڑکا بڑا ہو گیا ہے۔ کمانے لگا ہے۔ آپ نے پوری زندگی اس کی دیکھ بھال کی۔ اب میں چاہتا ہوں کہ جب آپ واپس آ جائیں تو میں آپ کی دیکھ بھال اور خدمت کروں۔ ماں مجھے یہ موقع ملنا چاہئیے کہ میں آپ کی اور پاپا کی خدمت کر سکوں اور آپ لوگوں کے آرام کا خیال رکھوں۔ اب آپ لوگ بس آرام کریں اور میں سب کچھ کروں گا۔ میں دنیا کی ہر چیز آپ دونوں کو دینا چاہتا ہوں۔ میری شوٹنگ شروع ہو گئی ہے اور میں محنت سے کام کر رہا ہوں۔ میں روزانہ آفس جاتا ہوں۔ اکاؤنٹس دیکھتا ہوں۔ کام کاج دیکھتا ہوں۔ جیسے ہی میری شوٹنگ ختم ہو گی میں دو ہفتے کی چھٹی لے کر اجمیر شریف، میراداتار، ماتا وشنو دیوی، شیرڈی اور کان پور کے مندر میں جا کر آپ کے لیے دعا مانگوں گا کہ آپ اچھی ہو جائیں۔ بیگ انکل یہاں ہیں اور آپ کو دیکھنے نیویارک آ رہے ہیں۔ میں انہی کے ساتھ چند روز کے لیے کانپور جاؤں گا۔

ماں ہر کوئی آپ سے پیار کرتا ہے اور سبھی آپ کے لیے دعاگو ہیں۔ آپ جلد اچھی ہو جائیں۔ ماں میں آپ سے بہت بہت پیار کرتا ہوں۔ آپ اپنا خیال رکھیں اور جلدی اچھی ہو جائیں اپنی فیملی کے لیے۔ میں آپ کے لیے ہر جگہ منت مانوں گا۔ ماں! ماں! میری خوبصورت ماں! میری پیاری ماں!

جب میرا کام ختم ہو جائے گا تو میں آپ کے پاس نیویارک آؤں گا۔

ماں میں آپ سے پیار کرتا ہوں۔ لاکھوں پیار، بہت بہت پیار

آپ کا بیٹا سنجو

حسنین جمال

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2 3

حسنین جمال

حسنین جمال کسی شعبے کی مہارت کا دعویٰ نہیں رکھتے۔ بس ویسے ہی لکھتے رہتے ہیں۔ ان سے رابطے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں۔ آپ جب چاہے رابطہ کیجیے۔

husnain has 496 posts and counting.See all posts by husnain