بارش کا کل اور آج


گوڈے گوڈے پانی چھم چھم چھم،
بچپن سے ہی آپ سب نے چھم چھم میں یہ جملہ ضرور سُنا ہوگا، لڑکپن کی بارش میں دوستو کے ساتھ مل کر سموسہ پکوڑے اور چپس کھانے کو بھی کافی انجوائے کیا ہوگا، میٹرک میں ساون کے موسم پر شاید کوئی مضمون بھی لکھا ہو، جس میں ساون کے پَکْوان کالی گھٹا کا اٹھنا بوندوں کی کن من اور موسم کے جل تھل ہونے جیسے الفاظ بھی ضرور لکھے ہوں گے۔

اور جوانی کی بارش کا تو پوچھیں مت، ”ساون بن گیا ساجن“ ادھر بارش ہوئی ادھر دِل میں ہوک اٹھی، اور ساجن کی یاد سے دل بھر آیا، اور شاعر حضرات کی کمال قسم کی شاعری جو انہوں نے بارش کے موسم پر کی ہے، اسے پڑھ کے بارش سے تو عشق ہی ہوجاتا ہے۔ اور بارش کے گیت واہ واہ، یقین نا اے تو کبھی بارش میں ڈرائیو کرتے ہوئے عدنان سمیع کے گانے ”بھیگا ہوا موسم پیارا“ یا ” بھیگی بھیگی راتوں میں پِھر تم آؤ نا“ سن کر دیکھ لیں۔

جب بھی بارش ہوتی تھی میں اسکول ضرور جاتی تھی، چھتری لے کے مزے سے، ٹیچرز کا بھی اکثر موڈ خوشگوار ہوتا تھا، اور اکثر پڑھائی کے بجاے ہم انتاکشری کھیلتے تھے۔ کینٹین والی انٹی خاص پکوڑے بناتی تھیں، اکثر ہم نانی کے گھر جاتے یا پھپھو ہمارے گھر آتی کیونکہ موسم خوشگوار ہوتا۔ مطلب کے بارش ساون رم جھم کے نام سنتے ہی شُرُوع سے ہی مزے کی فیلنگز آنے لگتی تھی۔

جی جناب، صحیح کہا میں نے ”آنے لگتی تھی“۔ بچپن نے تو جانا ہی تھا لیکن یہ بارش نے ” باران رحمت ” کے بجائے ”باران زحمت“ بن جانا تھا، اس کی خبر نہیں تھی۔ آج کل تو ادھر بارش شُرُوع ہوئی ادھر گانا کوئی کیا لگائے یا پکوڑوں کی کڑھائی کوئی کیا رکھے، واپڈا والے مہلت ہی نہیں دیتے ایک دم دوڑتے ہَیں بِجْلی بند کرنے کو، اور خدا ناخواستہ رات کو بارش ہوجائے تو محبوب کی یاد کا اور شاعری کی آمد کا تو پتہ نہیں مگر موٹی موٹی گالیاں ضرور یاد آتی ہَیں، اور جب صبح اٹھ کے آفیس یا کالج جانا ہو یا کوئی اَرْجَنْٹ کام ہو تو ایک اور مصیبت کہ گوڈے گوڈے پانی میں گاڑی کیسے پار لگائی جائے چھم چھم تو دور کی بات ہے۔

اور تو اور عاشقوں کھیپ جو اب شوھر حضرات بن چکے ہیں رومانٹک ہونے کے بجائے مغلظات بکتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اب میرے بچپن کی بارش آپ لوٹانے سے رہے لیکن کیا مجھے کوئی بتا سکتا ہے کے ” بارش کے آج اور کل“ میں اتنا فرق کیسے آ گیا؟
ھم بدل گئے ہیں یا موسم یا ہمارے جذبات یا معیار؟
ایک ضروری بات میرا بچپن پشاور کینٹ میں گزرا ہے اور آج کل میں ڈیفینس لاہور کی رہائشی ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).