احتساب عدالت کے جج محمد بشیر چھٹی پر چلے گئے


اطلاعات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر آج چھٹی پر چلے گئے ہیں اور یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ کل بھی چھٹی پر رہیں گے۔ یاد رہے کہ کل بروز جمعہ نواز شریف کے ایون فیلڈ کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنایا جانا تھا اور نواز شریف نے درخواست کی تھی کہ فیصلہ چند دن بعد سنایا جائے کیونکہ وہ خود عدالت میں کھڑے ہو کر یہ فیصلہ سننا چاہتے ہیں۔

آج سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جسے سنانے کے لیے 6 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جب کہ نوازشریف نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔

جیونیوز کے مطابق نوازشریف نے اپنے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکیل ظافر خان کے توسط سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کے لیے باضابطہ درخواست دائر کردی ہے۔

نواشریف نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہےکہ وہ اس ٹرائل کا حصہ رہے ہیں اور مسلسل عدالت آتے رہے لیکن اچانک صورتحال تبدیل ہوئی اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبعیت شدید خراب ہوگئی۔ درخواست میں کہا گیاہےکہ جب سنا کہ احتساب عدالت فیصلہ سنانے جارہی ہے تو پاکستان جانے کے لیے ڈاکٹرز سے مشورہ کیا، ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی طبعیت میں بہتری تک نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مجبوری کے باعث 6 جولائی کو پاکستان نہیں آسکتے، جیسے ہی اہلیہ کی طبعیت بہتر ہوگی پاکستان آئیں گے لہٰذا کچھ دن کے لیے فیصلہ مؤخر کیا جائے۔

دوسری جانب رجسٹرار احتساب عدالت ایاز حسن زبیری نے نوازشریف کی درخواست آنے پر جج محمد بشیر سے فون پر رابطہ کیا۔ رجسٹرار کا کہنا تھاکہ درخواست ہم خود ہی وصول کرتے ہیں لیکن ہائی پروفائل کیس کی وجہ سے جج سے رابطہ ضروری ہے۔

اس موقع پر نوازشریف کے وکیل ظافر خان نے کہا کہ ابھی درخواست صرف دائر کی گئی ہے، اس پر سماعت کل کی جائے۔ رجسٹرار آفس کی ہدایت پر عدالتی عملے نے نواز شریف کی درخواست وصول کرکے ڈیوٹی جج کو بھجوادی۔

جج محمد بشیر کی چھٹی کے باعث احتساب عدالت نمبر دو کے جج محمد ارشد ملک کے پاس درخواست گئی تو انہوں نے سوال کیا کہ یہ درخواست میرے پاس کیوں لے آئے ہیں؟ جج محمد ارشد ملک نے درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی۔ واضح رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنسز بھی زیر سماعت ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).