نواز شریف پہلے اپنا جرم مانیں اور سیدھی بات کریں


مجھے علم ہے میرے خلاف کیا سازش ہو رہی ہے اور کون کر رہا ہے؟
جناب کون کر رہا ہے آپ کے خلاف یہ سازش، ایک ہی دفعہ بتا کیوں نہیں دیتے؟
سب کو پتا ہے سازش کون کر رہا ہے۔ آپ سارے پڑھے لکھے اور منجھے ہوئے صحافی ہو، آپ کو بھی پتا ہے کہ کون کر رہا ہے یہ سازشیں۔ کون ووٹ کو عزت نہیں دے رہا۔

جناب ہمیں علم ہو یا نہ ہو اس سے تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہم تو اندر کی بات چھپ چھپا کر ہی نکالتے ہیں اور اسے چھاپنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اور پھر آپ تو کہتے ہیں کہ یہ سازش آپ اور آپ کے خاندان کے خلاف ہو رہی ہے تو پھر آپ کھل کر کیوں نہیں بتاتے کہ کون سازش کر رہا ہے۔ یہ بھی جاننا بڑا دلچسپ ہو گا کہ آپ کو کیسے اس بات کا یقین ہے کہ آپ کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔

میں عمران خان کو بھی یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ وہ غلط راستے پر چل رہا ہے اور کل وہ بھی پچھتائے گا۔ ووٹ کو عزت نہ دے کر وزیراعظم بننے کی سوچ غلط ہے یہ کل اس کے گلے پڑے گی۔
میں عمران کو واضح الفاظ میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ آج وہ جتنا لاڈلا بنا ہوا ہے اور جو ہتھیار وہ استعمال کر رہا ہے یہی ہتھیار کل اس کے خلاف بھی استعمال ہوں گے۔

جناب یہی بات ہمیں سمجھ نہیں آ رہی اور ہم سب جاننا چاہتے ہیں کہ عمران کیا کر رہا ہے اور کس کے ساتھ مل کر سازش کر رہا ہے۔ کون سے ہتھیار کا آپ ذکر کر رہے ہیں۔ پلیز عوام اور اپنے ووٹر کو کھل کر بتائیں، تاکہ بات سازشی تھیوریوں سے آگے بڑھے۔ عوام کو اپنے اس یقین کی وجہ بھی بتائیں کہ آج کا لاڈلا عمران خان کل کیوں آپ کی طرح سازشوں کا شکار ہو گا۔ بات اگر ذاتی تجربے کی بنیاد پر ہے تو کہہ دیجیے اک ہی سانس میں۔

پورے پانچ سال عمران اسمبلی کے اجلاس میں نہیں آیا بلکہ سازشوں میں لگا رہا۔ دھرنے دے کر حکومت کے نظام کو خراب کرتا رہا۔ وہ کینیڈا والے مولوی کو بھی اس کے ساتھ ملا دیا گیا۔ ہمیں پتا ہے کہ اسے کس نے ادھر بٹھایا ہوا تھا اور کیوں۔

جناب ہم بار بار یہ سوال کر رہے ہیں اور عوام بھی یہی جاننا چاہتے ہیں کہ سازش کے پیچھے کون ہے۔ عمران کس کے اشاروں پر دھرنے دیتا ہے اور علامہ طاہرالقادری صاحب کس کے کہنے پر کینیڈا سے پاکستان کے لیے جہاز پکڑتے ہیں۔ بلکہ عوام تو چاہتے ہیں کہ آپ یہ بھی بتائیں کہ آپ کو ان تمام سازشوں اور سازشیوں کا علم کیسے ہوا ہے۔ اور دھرنوں کے وقت آپ وزیراعظم تھے تو آپ نے ان سازشیوں کے خلاف ایکشن کیوں نہیں لیا۔

یہ سینٹ کا الیکشن ہی دیکھ لیں۔ کیسے کیسے ووٹ خریدے گئے۔ اور سینٹ کے چیئرپرسن کے الیکشن میں تو سازش کی حد ہی ہو گئی۔ آپ سب کو یہ نظر نہیں آ رھا کہ کیسے زرداری اور عمران اکٹھے ہو گئے ایک جھنڈے تلے اور ایک غیر معروف آدمی کو ووٹ ڈالنے پر تیار ہو گئے۔ اس وقت تو عمران نے چوں بھی نہیں کی اور زرداری کے ساتھ مل کر ووٹ ڈال دیے۔ تو ان سب کو کس نے اکٹھا کیا ہے۔ یہ ایک کھلا راز ہے اور سب کے علم میں ہے۔

جناب، آپ اس کھلے راز سے پردہ کب اٹھائیں گے۔ سازشی کون کون ہے۔ سازشی کے ساتھ کون کون ملا ہوا ہے اور آپ کو اس بات کا علم کیسے ہے۔ کوئی ایسی بات کریں جو نئی ہو اور اسے جھٹلایا نہ جا سکے۔ یہی گواہی ہو گی کہ آپ ”کاز“ کے ساتھ مخلص ہیں اور یہ کہ آپ کی جدوجہد ملک کے لیے ہے، اپنی ذات کے لیے نہیں۔ آپ ڈان لیک جیسی خفیہ اور نیم دلانہ کوششوں کا سہارا نہ لیں اور کھل کر سامنے آئیں۔

آپ کو علم ہے کہ ضمنی الیکشنوں میں کیسے چالیس چالیس بندے کھڑے کر کے ہمیں ہرانے کی سازشیں کی جاتی رہیں۔ لیکن عوام نے ہمیں ووٹ دے کر ہمیشہ کامیاب کیا ہے۔
جناب کس نے آپ کے خلاف چالیس امیدوار کھڑے کیے ہیں۔

آپ کو پتا ہے کہ فیض آباد والا دھرنا بھی اسی سازش کی کڑی تھا۔
سازش کیا تھی اور سازشی کون تھا، یہ بات بہر حال ایک معمہ ہی رہی۔ نواز شریف اپنے ”سخت بیانیے“ کے باوجود صرف ذو معنی باتیں ہی کر رہے ہیں۔

جناب بات وہیں کی وہیں ہے۔ آپ کچھ بھی نیا نہیں بتا رہے۔ عوام کو یقین ہے کہ آپ کو بہت کچھ پتا ہے جو آپ بتا نہیں رہے۔ کھل کر بات نہ کرنے کا نقصان یہ ہے کہ کچھ بھی تبدیل ہو نہیں پائے گا۔ آپ کی ذو معنی باتوں سے لوگوں کو آپ کے بیانیے اور جدوجہد پر یقین نہیں آئے گا۔

کچھ لوگوں کا تو یہ بھی خیال ہے کہ آپ اصل بات کیسے بتا سکتے ہیں کیونکہ یہ سازشیں تو بہت پہلے سے جاری ہیں اور آپ خود بھی پچھلے چالیس سال سے ان سازشوں کا حصہ ہیں۔ آپ مرد مومن مرد حق، جنرل جیلانی، جنرل حمید گل اور ان کی آئی جے آئی، اسحاق خان، حتی کہ کل تک جنرل پاشا اور جنرل کیانی کے ساتھ مل کر منتخب حکومتوں کے تختے الٹتے رہے ہیں۔

اس لیے بولنا ہے تو بولیں کہ آپ سے غلطیاں ہوئی ہیں اور آپ نے غیر جمہوری قوتوں کے دست و پا رہے ہیں۔ آپ نے اس ملک میں جمہوریت کو مضبوط ہونے نہیں دیا اور آج اسی کی سزا بھگت رہے ہیں۔ اور ہاں عمران بھی آپ سے نصیحت نہیں پکڑے گا۔ ابھی اس ملک کی بدقسمتی کے دن ختم نہیں ہوئے۔ جمہوریت ایک دفعہ پھر ہار چکی ہے۔ آپ کا ذو معنی بیانیہ کوئی تبدیلی نہیں لا پائے گا۔

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik