پی ٹی آئی نے متنازع ختم نبوتؐ ترمیم واپس لینے کی مخالفت کی تھی: راجا ظفرالحق کمیٹی رپورٹ


راجا ظفرالحق کمیٹی رپورٹ میں حیران کن انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی نے متنازع ختم نبوتؐ ترمیم کو واپس لیے جانے کی مخالفت کی تھی جب کہ ختم نبوتؐ ترمیم کی ذمہ دار جماعتوں میں پی ٹی آئی بھی شامل تھی۔ تفصیلات کے مطابق، راجا ظفرالحق کمیٹی رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ نہ صرف ختم نبوتؐ سے متعلق آئینی ترمیم کا ابتدائی مسودہ دو رکنی ذیلی کمیٹی نے تیار کیا تھا ، جس میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شامل تھے بلکہ جب اس ترمیم میں تبدیلی کے لیے سینیٹ میں قرارداد پیش کی گئی تو پی ٹی آئی نے اس کی مخالفت کی ، جب کہ ن لیگ نے اس کی حمایت کی۔ سینیٹ اجلاس کے ریکارڈ سے (جو کہ ایوان بالا کی ویب سائٹ پر موجود ہے) راجا ظفر الحق کمیٹی کی تحقیقات کی توثیق ہوتی ہے۔ پی ٹی آئی ہی اس آئینی ترمیم کی معمار ہے۔راجا ظفر الحق کمیٹی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب جے یو آئی۔ف کے حافظ حمداللہ نے اس تبدیلی کا نوٹس لیا اور اسے واپس لینے کے لیے ایک نئی ترمیم پیش کی تو پی ٹی آئی اور پی پی پی نے کھلے عام اس کی مخالفت کی۔ سینیٹ ریکارڈ سے بھی اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ پی ٹی آئی نے حافظ حمداللہ کی مجوزہ ترمیم کی مخالفت کی تھی۔

واضح رہے کہ راجا ظفرالحق کمیٹی رپورٹ کے مطابق، ختم نبوتؐ سے متعلق شق میں تبدیلی ابتدائی طور پر دو رکنی ذیلی کمیٹی نے تیار کی تھی ، جس میں ایک رکن ن لیگ کا تھا جب کہ دوسرا رکن پی ٹی آئی کا تھا (رپورٹ میں دونوں نام موجود ہیں)۔ ابتدائی مسودہ تیار کرنے والوں میں پیپلز پارٹی یا کسی اور جماعت کا کوئی رکن شامل نہیں تھا۔ راجا ظفرالحق کمیٹی رپورٹ میں سابق وزیر قانون زاہد حامد کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا ہے۔ تاہم اس رپورٹ میں یہ لکھا ہے کہ سابق وزیرقانون نے اس بات کا اقرار کیا کہ یہ چیک کرنا ان کی ذمہ داری تھی کہ مسودے میں کوئی متنازع بات ہے یا نہیں، اس لیے یہ ان کی ناکامی تھی کہ انہوں نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔ یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ جب سینیٹ میں یہ مسئلہ اٹھایا گیا تو اس وقت کے وزیر قانون نے اس تبدیلی کو ختم کرنے کے لیے پوری کوشش کی تاہم وہ پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کو مطمئن نہیں کرسکے۔ پی ٹی آئی نے حافظ حمد اللہ کی جانب سے پیش کردہ ترمیم کی سینیٹ میں مکمل مخالفت کی اور یہ بات اس وقت کے سینیٹ اجلاس کے ریکارڈ سے بھی ثابت ہوتی ہے۔

(احمد نورانی)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).