عمران کو وزیراعظم بنانے کا مطلب ہو گا میں اپنی سیاسی قبر کھود لوں: آصف زرداری


گزشتہ روز اسلام آباد میں آصف زرداری نے ایک معروف صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں عمران کو وزیراعظم بننے دوں اس کا مطلب ہے میں اپنی سیاسی قبر خود کھود رہا ہوں۔ میری مرضی کے بغیر عمران جتنا زور لگا لے، وزیراعظم نہیں بن سکتا کیونکہ وہ کبھی بھی سادہ اکثریت نہیں لے گا اور جس نے بھی حکومت بنانی ہے اس کو پی پی کی حمایت چاہیے۔

انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ اگر نیازی کو ہی وزیراعظم بننے دینا ہے تو پھر کیوں نہ باجوہ صاحب سے اقتدار سنبھالنے کی فرمائش کر دوں۔

انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے کا مطلب ہے کہ پی پی پی پاکستان کی سیاست سے اپنا بوریا بستر سمیٹ لے جو کہ میں کبھی نہیں ہونے دوں گا۔ میں بلاول کو 2023 میں وزیراعظم بناؤں گا اور وقت یہ ثابت کرے گا کہ میری یہ بات کتنی سچی ہے۔

میں 2018 میں کسی بھی سنجرانی کے ساتھ کھڑا ہو جاؤں گا مگر وہ بھی تب جب مجھے پنجاب میں ایک بڑا حصہ دیا جائے۔ بصورت دیگر مجھے شہبازشریف کے ساتھ ہاتھ ملانے میں کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ ہم پہلے بھی مل کر حکومت بنا چکے ہیں دوبارہ کیوں نہیں بنا سکتے۔ یہاں تک کہ آصف زرداری اس بات پر بھی تیار ہیں کہ جیتنے کی صورت میں پرویز الہی یا شیخ رشید کو یہ عہدہ دیا جائے۔

آصف زرداری نے کہا کہ یہ پیراشوٹر ابھی اتنے طاقتور نہیں ہیں کہ پی پی اور نون کے اتحاد کے سامنے ڈٹ جائیں۔ ہم پاکستان کی ایک بہت بڑی سیاسی طاقت ہیں چاہے حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں اور مجھے پتا ہے دوست مجھے اور شہباز کو ایک ساتھ اپوزیشن میں کبھی نہیں دیکھنا چاہیں گے۔ مجھے یہ بھی پتا ہے کہ اگر میں نہ مانوں تو میرے خلاف کیسز بنانے کی تیاری کر لی گئی ہے اور نواز کے بعد اگلی باری میری لگانے کا پورا انتظام بھی ہے۔ مگر یہ وقت ہی بتائے گا کہ ہم کیا کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).