انڈیا میں ہندوؤں کے ساتھ زیادتی!’صرف پاکستان کی وجہ سے ہم سب سے خراب ہونے سے بچ گئے‘


انڈیا میں بہت سے مسلمانوں کو شکایت ہے کہ ان کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے اور یہ ہی شکایت بہت سے ہندوؤں کو بھی ہے۔

ان میں گری راج کشور بھی شامل ہیں، بس فرق یہ ہے کہ وہ کوئی عام آدمی نہیں، طاقتور وفاقی وزیر ہیں جو اکثر مسلمانوں کو پاکستان جانے کا مشورہ دیتے رہتے ہیں۔

ان کا تعلق بہار سے ہے جہاں ہندوؤں کے تیوہار ‘رام نومی’ کے موقع پر گذشتہ برس کافی مذہبی کشیدگی ہوئی تھی اور اس سلسلے میں کئی مقدمے قائم کیے گئے تھے۔

مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں کچھ ہندوؤں کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے رہنما بھی شامل ہیں۔ یہ تنظیمیں حکمراں بی جے پی سے نظریاتی مماثلت رکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

مسلمانوں کو انصاف کی امید چھوڑ دینی چاہیے!

کیا انڈیا صرف ہندوؤں کا ہے؟

اس لیے گری راج کشور ان لوگوں سے ملنے جیل بھی گئے اور اس کا ٹوئٹر پر اعلان بھی کیا۔ اور پھر ان لوگوں کی ضمانت پر رہائی کے بعد ان کے گھر بھی گئے اور ریاستی حکومت سے سوال کیا کہ کیا ہندوؤں کو دبانا ہی سیکولرزم ہے؟

بس مسئلہ یہ ہے کہ ریاست میں خود ان کی پارٹی بی جے پی حکمراں اتحاد میں شامل ہے اور وہ خود وفاقی حکومت میں شامل ہیں۔

ان کا سوال دلچسپ ہے اور اس کا جواب آسان ہے

سیکولرزم ہو یا نہ ہو، ہندوؤں (یا کسی بھی دوسرے مذہب کے ماننے والوں) کو نہیں دبایا جانا چاہیے اور اگر دبایا جا رہا ہے تو حکومت کو فوری کارروائی کرنی چاہیے اور اگر نہیں کرتی تو حکومت کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔

بہار میں بی جے پی اور وزیر اعلی نتیش کمار کی جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کی مخلوط حکومت ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’گائے کا گوشت کھانے پر مسلمان لڑکوں کو نشانہ بنایا‘

انڈیا میں چھ سال کے ’شدت پسند‘ بچے

جے ڈی یو نے مسٹر گری راج کشور کو مشورہ دیا ہے کہ جو لوگ ذمہ داری کے عہدوں پر بیٹھے ہوں، انھیں کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہیے جس سے معاشرے میں کشیدگی پیدا ہو۔ چاہے وہ مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیے جانے والوں سے ملاقات ہو یا پھر قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا پانے والے مجرموں کو پھولوں کے ہار پہنانا۔

ان کا اشارہ ایک اور وفاقی وزیر جینت سنہا کی جانب تھا۔ مسٹر سنہا نے گئو کشی کے نام پر ایک مسلمان کے قتل کے مجرمان کی ضمانت پر رہائی کے بعد انھیں پھولوں کی مالائیں پہنائی تھیں اور ان کے ساتھ ایک تصویر بھی کھنچوائی تھی جو اب وائرل ہوگئی ہے۔

ان لوگوں کو ذیلی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی تھی جس پر روک لگاتے ہوئے ہائی کورٹ نے انھیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد سے جینت سنہا کو شدید تنقید کا سامنا ہے اور ان سے یہ سوال پوچھا جا رہا ہے کہ ان لوگوں کو ہار پہنا کر وہ کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟

یہ بھی پڑھیے

انڈین خواتین کے چہرے پر گائے کا ماسک کیوں؟

انڈیا میں گائے کے گوشت پر قتل، 11 افراد کو عمر قید

خود جینت سنہا کے والد اور سابق وفاقی وزیر خزانہ یشونت سنہا نے ٹوئٹر پر کہا کہ پہلے وہ ‘ایک لائق بیٹے کے نالائق باپ تھے۔۔۔اب اس کا الٹ ہو گیا ہے۔۔۔’

انڈیا میں کس کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے اور کون کر رہا ہے، یہ بحث تو پرانی ہے لیکن جب سے ملک میں بی جے پی کی حکومت آئی ہے، اس بحث کا محور بدل گیا ہے۔ اور عام طور پر یہ تسلیم کیاجاتا ہے کہ ملک میں عدم رواداری بڑھی ہے۔

تقریباً یہی بات نوبیل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات امرتیہ سین نے بھی اتوار کے روز کہی۔ وہ اپنی کتاب ‘ہندوستان اور اس کے تضادات’ کے لانچ کے موقع پر بول رہے تھے۔

مسٹر سین نے کہا کہ سنہ 2014 کے بعد انڈیا نے غلط سمت میں بڑی چھلانگ لگائی ہے اور دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معشت ہونے کے باوجود وہ پیچھے کی طرف جا رہا ہے۔

مسٹرسین اکثر بی جے پی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’20 سال پہلے خطے کے چھ ملکوں میں انڈیا (سری لنکا کے بعد) دوسرا بہترین ملک تھا۔۔۔ اب (پاکستان کے بعد) دوسرا سب سے خراب ملک ہے۔۔۔صرف پاکستان کی وجہ سے ہم سب سے خراب ہونے سے بچ گئے ہیں۔’

انھوں نے کہا کہ ‘آزادی کی لڑائی کے دوران یہ سوچنا بھی مشکل تھا کہ ہندو شناخت کا کارڈ کھیل کر کوئی سیاسی جنگ جیتی جاسکتی ہے۔۔۔لیکن اب حالات بدل گئے ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp