منا بجرنگی کون تھا؟ جیل میں کیوں مارا گیا؟


منا بجرنگی جیل میں مارا گیا

بھارتی ریاست اترپردیش کی باغپت جیل میں گینگسٹر ’پریم پرکاش سنگھ‘ عرف منا بجرنگی کو گولی مار کر قتل کردیا گیا،جس کے بعد جیل میں کھلبلی مچ گئی جبکہ جیل کے چار ملازمین کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ شب مافیا ڈان منا بجرنگی کو جھانسی جیل سے غپت جیل منتقل کیا گیا تھا اور آج اسے مقامی عدالت میں پیش ہونا تھا لیکن اس سے قبل ہی اسے جیل میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ اس واقعے کے بعد اترپردیش کے وزیر اعلی ’یوگی آدتیہ ناتھ‘ کے حکم پر جیل کے جیلر، ڈپٹی جیلرسمیت چار ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے۔

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ جیل کے احاطے میں رونما ہونے والا یہ نہایت سنگین واقعہ ہے جس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کو اس بات کا بھی پتہ لگانے کا کہا ہےکہ جیل کے اندر اسلحہ کہاں سے آیا۔

پولیس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ منا بجرنگی کا قتل تقریبا صبح ساڑھے چھ بجے جیل کے اندر ہوا ، جب قیدی چائے پی رہے تھے اسی دوران ’سنیل راٹھیت ‘ نامی ایک قیدی نے منا بجرنگی پر گولی چلائی۔ پولیس نے بتایا کہ گولی قریب سے چلنے کے باعث منا بجرنگی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اس کے علاوہ انہوں نےبتایا کہ سنیل کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ تحقیقات جاری ہے۔

پولیس کی جانب سے اس بات کا بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ منا بجرنگی کے قتل سےایک دن پہلے اس کی بیوی نے شوہر کے قتل کا خدشہ ظاہر کیا تھا اورنہ صرف پولیس سےبلکہ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے اس کی سیکورٹی بڑھانےکے لیے درخواست کی تھی۔

ANI UP

@ANINewsUP

Seema Singh, wife of Gangster Munna Bajrangi, says, “I want to tell UP CM Adityanath ji that my husband’s life is in danger. A conspiracy is being hatched to kill him in a fake encounter.” (29.06.18)

منا بجرنگی کے وکیل’ وی شریواستو‘ نے کہا کہ منا بجرنگی کو گزشتہ شب جھانسی جیل سے باغپت جیل لایا گیا تھا اور آج صبح ساڑھے چھ بجے ایک قیدی نے اسے گولی مار کر قتل کر دیا اور پستول گٹر میں پھینک دی۔

منا بجرنگی کون تھا؟

منا بجرنگی کا اصل نام پریم پرکاش سنگھ تھا وہ 1967میں پیدا ہوا تھا۔ بچپن میں ہی منا بجرنگی نے جرائم کی دنیا میں قدم رکھ لیا تھا، جب اس پر پہلا مقدمہ درج ہوا تھا تو اس کی عمر صرف 17 سال تھی۔ اس کے بعدوہ اپنے علاقے کے ’ گجراج سنگھ ‘ نامی مافیا گنگ کے ساتھ شامل ہوگیا اور اس کے لیے کام کرنے لگا۔

منا بجرنگی نے اپنی زندگی کا پہلا بڑا قتل 1984 میں بی جے پی لیڈراور بزنس مین’ رام چندر سنگھ‘ کا کیا تھا جس نےپورے علاقے میں سنسنی پھیلا دی تھی۔

منا بجرنگی جیل میں مارا گیا

90 کی دہائی میں منا بجرنگی’ مختار انصاری‘ نامی ایک اور بڑے مافیا گنگ میں شامل ہوگیا تھا اور کچھ عرصر میں ہی وہ انصاری کا دائیں بازو کہلائے جانے لگا۔ اس کے بعد سے منا بجرنگی نےقتل و غارت کا سلسلہ شروع کردیا لیکن 2005 میں جب منا بجرنگی نے بی جے پی ممبر اسمبلی ’کرشنانند رائے‘کا سر عام قتل کیا تو یو پی کی سیاست میں زبردست ہلچل مچ گئی اور سب ہی منا بجرنگی کے نام سے ڈرنے لگے تھے۔

اس قتل کے بعد پولیس منا بجرنگی کے پیچھے لگ گئی تو پولیس کے ڈر سے وہ بھاگ گیا لیکن اپنی غنڈہ گردی اور قتل و غارت کی وارداتیں اس نے جاری رکھیں ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منا بجرنگی نے بیس سال میں تقریبا چالیس قتل کیےہیں ۔

منا بجرنگی کو 2009 میں ممبئی کے ایک علاقے سے پولیس نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد سے اب تک وہ جیل میں تھا اور آج صبح 51 سال کی عمر میں جیل میں ہی مارا  گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).