میں نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی ظہیر السلام کو نواز شریف کی اجازت سے دعوت دی تھی: چوہدری نثار


سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے سابق وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے آئی ایس آئی کے سابق چیف ظہیر الاسلام کو نواز شریف کی اجازت سے الوداعی دعوت دی تھی۔ انہوں نے پرویز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں جھوٹا ثابت ہونے والے شخص کی بات کا جواب نہیں دینا چاہتا۔ میں میاں نواز شریف کے استقبال کیلئے نہیں جاؤں گا اور اگر میں مسلم لیگ (ن) میں ہوتا تب بھی استقبال کے لئے نہ جاتا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہنا تھا کہ آنے اور جانے والے ڈی جی آئی ایس آئی کو حکومت نے عشائیہ دیا۔ عمرہ واپسی پر ظہیرالاسلام نے نوازشریف کو تحائف دیئے، تحائف وصول کرتے وقت کسی کو اعتراض نہیں ہوا۔

چودھری نثار نے کہا کہ میں اپنی نشستوں پر فوکس کر رہا ہوں۔ اگر کوئی گروپ بنانا ہوتا تو ایک سال پہلے بنا لیتا۔ بہت لوگ موجود تھے۔ جنوبی پنجاب کے چند لوگوں نے شیر کا نشان واپس کر کے جیپ کا نشان لے لیا۔ نہیں جانتا کہ جیپ کا نشان لینے والے کتنے لوگ ہیں۔ مجھ پر تنقید کرنے کیلئے چند سیاسی لوگوں کو بہانہ چاہیے ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں آتی ہیں اور جاتی ہیں۔ ملک کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ جیپ نام کا کوئی گروپ کام نہیں کر رہا ہے۔ جیپ کا نشان لینے پر غلط افواہیں پھیلائیں گئیں۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ جیپ کے نشان پر کیوں ایسی باتیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

سا بق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہاہے کہ انتخابی نشان جیپ لینے کا فیصلہ میں نے خود کیا ہے۔ میں کسی جیپ گروپ کا حصہ نہیں اور نہ ہی انتخابی نشان لینے کیلئے کسی سے مشاورت کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).