نواز شریف اور فرحت اللہ بابر نے مبینہ انتخابی مداخلت میں ملوث حساس ادارے کے افسروں کے نام بتا دیے


مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ لوگوں کو زبردستی کسی سیاسی پارٹی سے الگ کرنا فوج کے حلف سےانحراف ہے۔ مسلم لیگ ن کے لوگوں کو دھونس دھاندلی کے ذریعے پی ٹی آئی میں شامل کیا جا رہا ہے۔ بہت سےلوگوں سے زبردستی پارٹی چھڑوائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام حساس ادارے کے اعلیٰ افسر میجر جنرل فیض حمید کی سربراہی میں ہو رہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جنرل فیض حمید اور ان کی ٹیم ہمارے لوگوں کو شیر کا نشان چھوڑنے اور جیپ کا نشان دلوانے میں پوری طرح سے ملوث ہیں۔ بہت سارے لوگ پارٹی چھوڑنا نہیں چاہ رہے تھے مگر زبردستی ان سے پارٹی چھڑوائی گئی، مسلم لیگ ن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انتخابات میں دھاندلی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت افسوس ہے کہ ان سب کاموں کے لئے آج ڈی جی آئی ایس پی آر کو یہ وضاحتیں دینا پڑی ہیں۔ اگر کسی افسر کے بارے میں صفائیاں دینے کی نوبت آ جائے تو یقین کرلینا چاہیے کہ خلق خدا کی آواز نقارۂ خدا بن جاتی ہے۔

دوسری طرف لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں چوہدری اعتزاز احسن، شیری رحمن۔ قمر زمان کائرہ اور فرحت اللہ بابر نے ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا ہے کہ ان کی جماعت کے اہم ارکان کو پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو باقاعدہ شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکریٹری جنرل نے اپنی باضابطہ شکایت میں سیکورٹی ادارے کے اہل کار کرنل مغیث کا نام لیا ہے۔ سندھ سے کرنل عابد علی شاہ کے بارے میں شکایات ہیں کہ وہ پیپلز پارٹی کے ارکان پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ سندھ ہی میں بدین سے میجر شہزاد کا نام اس ضمن میں سامنے آیا ہے۔ فرحت اللہ بابر نے ان معاملات کو قبل از انتخاب دھاندلی قرار دیتے ہوئے ان الزامات کی تحقیق کا مطالبہ کیا۔ فرحت اللہ بابر نے راتوں رات کالعدم اور انتہا پسند مذہبی گروہوں کے سیکڑوں امیدواروں کے منظر عام پر آنے کو بھی پری پول رگنگ کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی ٹیلی ویژن چینل یا اخباری ادارے پر براہ راست قبضہ کئے بغیر ذرائع ابلاغ کو مفلوج کر دیا ہے۔ صحافی سیلف سنسر شپ پر مجبور ہیں۔ یہ سب انتخابات میں معمول کی سرگرمیوں کو درہم برہم کر کے ایک خاص جماعت کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیا جا رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).