پنجاب میں برائلر فارمز کو لوٹنے کا انوکھا ڈیجیٹل طریقہ


پنجاب بھر میں انوکھے انداز میں برائلر فارمرز کو لوٹنے والا گروہ متحرک ہوگیا ،ان کا طریقہ واردات جان کر آپ دنگ رہ جائیں گے

پنجاب برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات میاں مدثر ذوالفقاربھٹی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ انہوں نے خود اپنے فارم پر فراڈ کرنے والے مزدا گروہ کو پکڑا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بعض مزدا والے اپنی گاڑی میں کوئی ڈیوائس لگا دیتے ہیں جس سے وزن کرنے والا کنڈا جام ہوجاتا ہے ۔ اس موقع پر چھ افراد پر مشتمل گروہ میں سے دولوگ کیش جمع کرواتے ہوئے شور مچانا شروع کردیتے اور مالکان و عملہ کی توجہ بانٹنے کے لئے بار بار پانی مانگتے اور ہمیشہ 3 لاکھ جمع کرواتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مزداگینگ اپنے لوگوں کو برائلر فارمز پر پھیلا دیتے ہیں جو حالات کا جائزہ لیکر مرغیاں لوڈ بھی کراتے ہیں اور جب مزدا گاڑی لوڈ لیکر کنڈے پر آتی ہے تو گروہ کا ایک آدمی وزن والے کنڈے کے سامنے کھڑا ہوکر ڈرائیور کو اشارہ کرتا ہے تو ڈرائیور انتہائی مہارت سے گاڑی کے اگلے 2 ٹائر اس انداز میں کنڈے پر چڑھا کر رک جاتا ہے اورعین وقت پر فون سننے کا بہانا کرتاہے جس پر کنڈے کے سامنے کھڑا ان کا ہی آدمی جان بوجھ کر ڈرائیور کو گالیاں نکالتا ہے کہ پہلے ہی دیر ہو رہی ہے جلدی کرو۔اس دوران ڈرائیور گاڑی کے اندر لگی ڈئیوائس کا بٹن دبا دیتا ہے جس سے اگلے وہیلز کا وزن زیرو ہو جاتا ہے جو 1 ہزار کلو کے قریب ہوتا ہے۔ ایسے میں یہ لوگ 3ہزار کلو کے پیسوں میں 4 ہزار کلو وزن لے جاتے ہیں۔

میاں مدثر ذوالفقاربھٹی کا کہنا ہے کہ مزدا گینگ والے گاڑی کو جب کنڈے پر کھڑا کرتے ہیں تو ڈیوائس کے علاوہ بھی وہ ایسا طریقہ اپناتے ہیں جس سے چارسومن مرغی کا وزن تین سو یا دوسو من رہ جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایک مدت سے یہ لوگ وارداتیں کررہے تھے جس پر ہم نےجب تحقیق کی تو مزدا گروہ کی ٹیکنیک سامنے آگئی اور ہم نے پنجاب بھر کے برائلر فارمرز کو باخبر کردیا ہے کہ وہ برائلر مرغی کاوزن کراتے ہوئے چوکنے رہا کریں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے کئی ایسے لوگوں کو پکڑا ہے لیکن بعد میں انکی صلح صفائی کرادی گئی جس سے وارداتیوں کا حوصلہ بھی بڑا لہذا اب ہرفارمر کو خود اس بھاری نقصان سے بچنے کی کوشش کرنی ہوگی ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).