حنیف عباسی کیخلاف ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کا حکم


راولپنڈی: ہائیکورٹ نے انسداد منشیات کی عدالت کو حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کا حکم دے دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کے خلاف شاہد اورکزئی نے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی۔

انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں گزشتہ سماعت پر حنیف عباسی پیش ہوئے تھے جہاں انہوں نے عدالت سے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کی استدعا کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔

جیونیوز کےمطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس عبدالرحمان لودھی نے شاہد اورکزئی کی درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کو حنیف عباسی کے خلاف کیس کی سماعت 16 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے مزید حکم دیا کہ حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنائے۔

واضح رہےکہ ملک میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد ہورہا ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی این اے 60 راولپنڈی ٹو سے الیکشن لڑرہے ہیں جب کہ ان کے مد مقابل عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).