نواز شریف کے تاریخی استقبال کیلئے لاکھوں عوام کے ساتھ جاؤں گا، شہبازشریف . فوٹو : فائل

نواز شریف کے تاریخی استقبال کیلئے لاکھوں عوام کے ساتھ جاؤں گا، شہبازشریف

 مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ الیکشن پر شک کے سائے پڑے تو 25 جولائی کی شام شدید احتجاج ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام” کل تک” میں میزبان جاوید چوہدری کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کٹھ پتلی بن چکا ہے، حالات اسی طرح رہے تو انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان اٹھیں گے لیکن (ن) لیگ تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی جب کہ انتخابات کے بائیکاٹ کا کوئی ارادہ نہیں تاہم الیکشن پرشک کے سائے پڑے تو 25 جولائی کی شام شدید احتجاج ہوگا اور اسے قوم کے سامنے بے نقاب کریں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 13 جولائی کو  نواز شریف آرہے ہیں، نوازشریف جیل کی سلاخوں کے پیچھے جانے کے لئے آرہے ہیں، وہ اپنے لئے نہیں قوم کے لئے واپس آرہے ہیں اور ہم احتجاج نہیں اپنے قائد کا استقبال کرنے جارہے ہیں، ان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا، میں خود لاکھوں عوام کے ساتھ استقبال کے لیے جاؤں گا، گرفتاریوں سے ڈرنے والا نہیں، پہلے بھی ہتھکڑیاں لگ چکی ہیں، گرفتاری کے لیے تیار ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ نیب نے ہمارے امیدواروں پر دباؤ ڈالا کئی پارٹی چھوڑ کر چلے گئے جب کہ پی ٹی آئی کے کرپشن کے مقدمات کو کوئی ہاتھ تک نہیں لگاتا، 33ارب کی کرپشن کرنے والے گوندل برادرز عمران خان کی گود میں بیٹھے ہیں، بابر اعوان نندی پور منصوبے میں بد ترین کرپشن کے ذمہ دار ہیں عمران خان نے انہیں بھی اہم پارٹی عہدہ دے دیا ہے۔

اس سے قبل جوہر ٹاؤن میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں جج نے صاف لکھا ہے کہ نواز شریف نے کرپشن نہیں کی جب کہ کبھی کسی نے اتنا ناانصافی پر مشتمل فیصلہ نہیں سنا، نیب کے اندر اربوں کھربوں کے کیسز ہیں جن پر گرد جم چکی ہے، 13 جولائی کو عوام ایئرپورٹ پر اپنا فیصلہ سنائیں گے۔

گزشتہ روز پشاور میں ہونے والے خودکش حملےسے متعلق شہبا شریف کا کہنا تھا کہ  سانحہ پشاور بہت بڑا واقعہ ہے، ہم دکھ کی اس گھڑی میں بلور خاندان کے ساتھ ہیں، اس واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔