ٹرمپ پر جنسی الزام لگانے والی پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز عریاں کلب سے گرفتار


سٹورمی ڈینیئلز نے الزام لگایا ہے کہ ان کا صدر ٹرمپ سے جنسی تعلق تھا

امریکی پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز کو ریاست اوہائیو کے شہر کولمبس کے ایک عریاں کلب سے ’گرفتار‘ کر لیا گیا ہے۔ یہ بات ان کے وکیل نے بتائی ہے۔ ڈینیئلز کو مبینہ طور پر ‘سائرنز’ نامی کلب کے ایک گاہک کو خود کو ‘غیر جنسی انداز میں’ چھونے کی پاداش میں ’گرفتار‘ کیا گیا۔

ڈینیئلز اس وقت مشہور ہو گئی تھیں جب انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ 2006 میں سیکس کیا تھا۔ صدر ٹرمپ اس کی تردید کرتے ہیں۔ ان کے وکیل مائیکل اوینیٹی نے کہا ہے کہ اس گرفتاری کی وجوہات ‘سیاسی’ ہیں اور یہ ان کی موکلہ کو پھنسانے کی کوشش ہے۔

کولمبس پولیس کے ترجمان نے ابھی تک گرفتاری کی تصدیق نہیں کی۔ اوینیٹی نے ٹویٹ میں کہا کہ ان کی موکلہ وہی پرفارمنس دے رہی تھیں جو وہ ملک کے ایک سو عریاں کلبوں میں ایک عرصے سے دیتی آئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ توقع رکھتے ہیں کہ انھیں جلد ہی ضمانت پر رہا کر دیا جائے گا۔

https://twitter.com/MichaelAvenatti/status/1017269222651711488

ریاست اوہائیو کے ایک قانون کے تحت عریاں یا نیم عریاں رقاصہ کو چھونے کی ممانعت ہے، سوائے اس کے کہ وہ آپس میں رشتہ دار ہوں۔

سائرنز نے گذشتہ ماہ ٹویٹ کے ذریعے مشتہر کیا تھا کہ ڈینیئلز 11 اور 12 جولائی کو پرفارم کریں گی۔ تاہم کلب نے اس واقعے کی تفصیل بتانے سے گریز کیا ہے۔

ڈینیئلز کا کہنا ہے کہ انھیں 2016 کے صدارتی انتخاب سے قبل ٹرمپ سے جنسی تعلق کے بارے میں منہ بند رکھنے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دیے گئے تھے۔ صدر ٹرمپ نے پہلے کہا تھا کہ یہ پیسے ان کے وکیل نے ان کے علم کے بغیر دیے تھے لیکن بعد میں پتہ چلا کہ پیسے انہی کے کھاتے سے گئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp