عمران خان کی کوکین کی مبینہ علت کا این اے 71 میانوالی سے کیا تعلق ہے؟ ریحام خان کا انکشاف


پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان کی مبینہ طور پر کوکین استعمال کرنے کی علت کا ایک دلچسپ تناظر بیان کیا ہے۔

ریحام خان لکھتی ہیں کہ “عمران خان کی جنسی بداعتدالیاں تو ان کے کرکٹ کیریر سے بھی پہلے شروع ہو گئی تھیں لیکن ان کا دعویٰ تھا کہ انہوں نے کوکین جیسی منشیات کا استعمال اس وقت شروع کیا جن جمائمہ خان ان کے بچوں کو لندن لے گئیں۔ تاہم عمران خان کے ایک قریبی دوست نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے کوکین اس وقت استعمال کرنا شروع کی جب میانوالی سے تعلق رکھنے والی ایک خوبصورت خاتون ان کی زندگی میں داخل ہوئیں۔ عمران خان نے 2002ء کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 71 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس حلقے کے ایک بارسوخ خاندان کی 32 سالہ خاتون عائلہ ملک بھی اس برس خواتین کی مخصوص نشستوں پر قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ عائلہ ملک مغربی پاکستان کے سابق گورنر نواب امیر محمد خاں کالاباغ کی پوتی اور پاکستان کے سابق صدر فاروق احمد خان لغاری کی بھتیجی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی بانی ارکان بھی اس اتفاق کی تصدیق کرتے ہیں کہ عمران خان کی عائلہ ملک سے دوستی اور کوکین کی عادت قریب قریب ایک ہی وقت میں شروع ہوئیں۔

بعد ازاں عائلہ ملک نے تشدد اور بدسلوکی کے متعدد الزامات عائد کر کے اپنے شوہر سردار یار محمد رند سے طلاق حاصل کر لی تھی۔ عائلہ ملک نے دسمبر 2011ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ عمران خان نے عائلہ ملک کو میانوالی ضلع میں پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کی ذمہ داری سونپی تھی۔ 2013ء کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے میانوالی ضلع کی چھ میں سے چار نشستوں پر کامیابی حاصل کی جن میں حلقہ این اے 71 پر عمران خان بھی کامیاب ہوئے تھے۔ تاہم عمران خان نے راولپنڈی کی نشست کے علاوہ باقی جیتی ہوئی نشستیں خالی کر دی اور ضمنی انتخاب میں این اے 71 پر عائلہ ملک کو امیدوار نامزد کیا۔ تاہم الیکشن کمیشن نے عائلہ ملک کی انٹرمیڈیٹ کی ڈگری جعلی قرار دے کر انہیں انتخاب کے لئے نااہل قرار دے دیا۔

ریحام خان اپنی کتاب میں لکھتی ہیں کہ ستمبر 2015 میں مجھے اطلاع ملی کہ عائلہ ملک کے سابق شوہر سردار یار محمد رند پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ہیں۔ میں نے  اسٹیٹس کو کی مخالفت کرنے والے اپنے شوہر عمران خان سے پوچھا کہ کیا یہ وہی سردار یار محمد رند نہیں جس کے بارے میں تم نے بتایا تھا کہ عائلہ ملک پر بہیمانہ تشدد کیا کرتا تھا اور اس کا سر دیوار سے ٹکرایا کرتا تھا۔ کیا وہی شخص نہیں جس کے خلاف قتل اور دیگر جرائم کے درجنوں مقدمات درج ہیں؟ عمران نے کندھے اچکاتے ہوئے کہا، تو کیا ہوا۔ سب بلوچ سردار ایسے ہی ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ ریحام خان کو طلاق دینے کے بعد عمران خان نے سردار یار محمد رند کو بلوچستان میں پاکستان تحریک انصاف کا صدر مقرر کیا۔ جون 2018ء میں بلوچستان ہائی کورٹ نے سردار یار محمد رند کے مجرمانہ پس منظر کی بنا پر انہیں الیکشن کے لئے نااہل قرار دیا تاہم 5 جولائی 2018 کو سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کو انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

2018ء کے انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے پر عائلہ ملک نے 14 جون 2018ء کو اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).