نوازشریف اور مریم نواز وطن واپسی کے لئے روانہ ہوئے تو تمام اہل خانہ آب دیدہ ہو گئے


مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف اور مریم نواز وطن واپسی کے لئے گھر سے روانہ ہوئے تو تمام اہل خانہ آب دیدہ ہو گئے۔ اس دوران سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور حسین نواز نے انہیں گلے لگا کر الوداع کیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب جب مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف جب اپنی صاحبزادی مریم نواز شریف کے ہمراہ وطن واپسی کیلئے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ جانے لگے تو اس دوران ایون فیلڈ فلیٹس میں وہ ہر ایک سے گلے مل کر رخصت ہوئے۔ اس موقع پر نوازشریف سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اپنے بڑے صاحبزادے حسین نوازسے گلے ملے اور انہیں خدا حافظ کہا۔ حسین نواز نے اپنی بہن کو پیار کیا اور سر پر ہاتھ رکھا۔ نوازشریف کو رخصت کرتے ہوئے تمام اہل خانہ اور دیگر افراد آبدیدہ ہوگئے تاہم نوازشریف اور مریم نواز وطن واپسی کے حوالے سے انتہائی پرعزم تھے۔

ائیرپورٹ روانگی سے قبل مریم نواز اپنے بچوں سے ملتے ہوئے اشکبار ہو گئیں۔ اس موقع پر لی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مریم نواز شریف اپنے بچوں سے ملتے وقت آبدیدہ ہو گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے اپنے بچوں سے کہا کہ وہ گھبرائیں نہیں، سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔

ان لمحات کی تصویر مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر بھی شیئر کی اور لکھا ”اپنے بچوں سے کہا کہ جبر کے سامنے بہادر بنیں۔ لیکن بچے تو بہرحال بچے ہوتے ہیں۔ الوداع کہنا بڑوں کے لئے بھی مشکل ہوتا ہے۔۔۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).