عمران خان کا سیاسی کارکنوں کو گدھا کہنا قابل مذمت ہے: مریم اورنگزیب


مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا سیاسی کارکنوں کو گدھا کہنا قابل مذمت ہے۔ عمران خان کی تقاریر سے ان کی سیاسی اور اخلاقی تربیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ لاکھوں افراد اپنے قائد کا فقید المثال استقبال کریں گے ۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی تقریر پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب کی سیاسی تربیت پر دکھ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز کا استقبال کرنے لاکھوں کی تعداد میں لوگ لاہور ائیرپورٹ آئینگے۔ ہم اپنے قائد کا پر امن استقبال کریں گے۔ اس میں کیا ڈر ہے کہ لاہور کو بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے بند کر دی گئی ہے۔ ہمارے کارکنوں کے گھروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتاریاں ہو رہی ہیں، معصوم لوگوں کے گھروں میں گھس کر خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی جا رہی ہے جو افسوسناک ہے۔ ہم نے لاک ڈاؤن بھی سہا ہے ،دھرنے بھی برداشت کئے ہیں، یہ 2018 ہے، 1980 اور 90 کی دہائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام رکاوٹوں، تمام گرفتاریوں، تمام دھمکیوں اور دھونس کے باوجود لاکھوں افراد اپنے قائد کا استقبال کرنے کے لئے نکلیں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کے استقبال کے لئے جانے والوں اور گدھوں میں کوئی فرق نہیں ہوگا ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے کارکن کو جب اسکا بچہ پوچھے گا کہ ابا جی آپ ایئر پورٹ پر کیا لینے جا رہے ہیں؟ تو وہ جواب دے گا کہ میں میاں محمد نواز شریف کو لینے جا رہا ہوں جو بڑی محنت سے قوم کا تین سو ارب روپیہ چوری کرکے باہر لے کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا کوئی بھی باشعور کارکن ائر پور ٹ پر نہیں جائے گا، استقبال کے لئے جانے والوں اور گدھوں میں کوئی فرق نہیں ہوگا ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).