سعودی عرب میں ’مذہبی مبلغ سفر الحوالی تین بیٹوں سمیت گرفتار‘


سعودی پولیس

سعودی عرب میں اطلاعات کے مطابق حکام نے بااثر مذہبی مبلغ سفر الحوالی اور ان کے تین بیٹوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

برطانیہ میں مقیم حقوق انسانی کے سعودی کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت کی گئی ہیں جب سفر الحوالی نے ایک کتاب شائع کی ہے جس میں سعودی عرب کے شاہی خاندان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سفر الحوالی کو 1990 میں اس وقت جیل جانا پڑا تھا جب انھوں نے کویت میں عراقی فوج کو نکالنے کے لیے سعودی عرب میں امریکی فوجیوں کی آمد کی اور امریکہ سے تعلقات کی مخالفت کی تھی۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 1993 میں ان پر عوامی مقامات پر بات کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے انھیں درس و تدریس کے مختلف عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اس وقت ان پر امن و امان کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

انھوں دوبارہ 1994 میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن جلد ہی رہا کر دیا گیا۔

سعودی حکام نے گرفتاری کی وجوہات کے بارے میں نہیں بتایا ہے تاہم کہا جا رہا ہے کہ حالیہ گرفتاریاں ملک میں حقوق انسانی کے کارکنوں، مذہبی رہنماؤں اور دیگر کے خلاف کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں۔

خیال رہے کہ جون میں ملک میں خواتین کی ڈرائیونگ پر عائد پابندی ختم ہونے سے چند ہفتے قبل سعودی حکام نے خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم سات خواتین وکلا کو گرفتار کیا تھا۔

سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ان خواتین کو غیر ملکی طاقتوں کے ساتھ روابط کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تاہم انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ حکام خواتین کو خاموش کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp