یہ فلم میرے دل کے بےحد قریب ہے لہٰذا میں امید کرتی ہوں کہ لوگ اس فلم کو ضرور دیکھنےآئیں گے  اداکارہ فوٹو انٹرنیٹ

بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جاتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ تاپسی پنوں رشی کپور کے ساتھ فلم ’’ملک‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھارہی ہیں۔ فلم میں تاپسی ایک وکیل کا کردار ادا کررہی ہیں جو اپنے مسلمان موکل پر سے غداری کا مقدمہ ختم کروانے کی جنگ لڑیں گی کیونکہ انہیں یقین ہے کہ ان کے کلائنٹ کو مسلمان ہونے کی وجہ سے جان بوجھ کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ فلم میں رشی کپورمسلم شخص کا کردار نبھارہے ہیں جن کی فیملی کو دہشت گردی کے الزام میں پھنسایا جاتا ہے۔

اداکارہ تاپسی پنوں نے فلم کی ٹریلر لانچنگ تقریب کے دوران اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مخصوص مذہب کے افراد کو جان بوجھ کر نشانہ بنایاجاتا ہے اور یہ سب انتہائی پریشان کن ہوتا ہے اور میری فلم کرنے کی بڑی وجہ بھی یہی ہے کہ میں فلم کے ذریعے یہ سب سامنے لاسکوں۔ کسی نہ کسی کو تو اس بارے میں آواز اٹھانی پڑے گی اور میں نے یہ ذمہ داری لی۔ یہ فلم میرے دل کے بےحد قریب ہے لہٰذا میں امید کرتی ہوں کہ لوگ اس فلم کو ضرور دیکھنےآئیں گے ۔ فلم دیکھ کر انہیں اندازہ ہوگا کہ ہم اس مسئلے پر کیا سوچتے ہیں۔

فلم ’’ملک‘‘ کے ہدایت کار انوبھو سنہا کا کہنا ہے کہ جب ہم نے اس فلم کو شروع کیا تھا اس وقت ہمیں بہت سے منفی تبصرے سننے کو ملےتھے، لیکن مجھے خوشی ہے کہ میں نے فلم مکمل کرلی۔ یہ فلم صرف ہندو مسلم کے بارے میں نہیں ہے بلکہ یہ ان تمام لوگوں کے بارے میں ہے جو ایک دوسرے کے خلاف ہیں اور ایک دوسرے سے لڑرہے ہیں۔ ہندو مسلمان سے لڑرہاہے، سکھ ہندو سے لڑرہے ہیں، شیعہ سنی سے لڑرہا ہے، اور برہمن ٹھاکروں سے لڑرہے ہیں، تو یہ فلم ہمارے ملک میں جاری مسائل کے بارے میں ہے۔

فلم ’’ملک‘‘میں اداکارہ تاپسی پنوں اور رشی کپور کے علاوہ اداکار آشوتوش رانا بھی اہم کردار نبھارہے ہیں۔ فلم 3 اگست کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔