بنوں: اکرم خان درانی انتخابی مہم کے دوران حملے میں محفوظ، متعدد افراد زخمی


پاکستان

اکرم درانی 2002 سے 2007 تک صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ رہے تھے

بنوں میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم خان درانی پر انتخابی مہم کے دوران حملہ ہوا جس میں وہ خود تو محفوظ رہے لیکن متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

بنوں شہر کے ڈی پی او خرم رشید نے بی بی سی کے نمائندے عزیزاللہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں اور ہلاک ہونے والے کی تفصیلات ہسپتال سے کچھ دیر بعد دی جائے گی۔

اکرم درانی این اے 35 سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے مدمقابل الیکشن لڑ رہے ہیں۔

پشاور: خودکش دھماکے میں 20 ہلاکتیں، شہر سوگوار

پشاور: خودکش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تدفین

خیال رہے کہ یہ انتخابی مہم کے آغاز کے بعد خیبر پختونخوا میں کسی امیدوار کو نشانہ بنائے جانے کا تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل سات جولائی کو بنوں میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار کے قافلے پر بھی بم حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔

اس کے بعد 10 جولائی کو پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 78 سے لڑنے والے امیدوار ہارون بلور کی انتخابی مہم پر حملہ ہوا جس میں ان کے سمیت 20 افراد ہلاک ہو گئے۔ کالعدم تحریک طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے سینیٹ میں بتایا تھا کہ عمران خان، اے این پی کے اسفندیار ولی اور امیر حیدر ہوتی، قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیرپاؤ، جمیعت علما اسلام فضل کے اکرم درانی اور حافظ سعید کے بیٹے طلحہٰ سعید اور ان کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئیر رہنماؤں کی جان کو خطرہ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp