مستونگ: انتخابی مہم کے دوران دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت 42 افراد شہید


مستونگ کے علاقے درین گڑھ میں دھماکے میں 42 افراد شہید اور 35 زخمی ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے افراد میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پی بی 35 کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی بھی شامل ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دھماکا سراج رئیسانی کی انتخابی مہم کے دوران کیا گیا نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ لیویز اور پولیس اہلکاروں نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تفتیش شروع کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ نے واقعے میں سراج رئیسانی سمیت 42 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ہے۔ دوسری جانب ریسکیو ٹیموں نے دھماکے کی جگہ پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کر لیے اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مستونگ کے مطابق سراج رئیسانی کو زخمی حالت میں علاج کے لیے کوئٹہ روانہ کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

دوسری جانب مستونگ دھماکے کے بعد کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، چھٹی پر موجود ڈاکٹروں اور طبی عملے کو واپس طلب کرلیا گیا ہے۔ ترجمان سول اسپتال کوئٹہ کے مطابق مستونگ دھماکے کے 11 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

نواب زادہ سراج رئیسانی بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار تھے اور حلقہ پی بی 35 مستونگ سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے جب کہ وہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).