نواز شریف کے میڈیکل چیک اپ کے دوران دل کے بائی پاس کی تصدیق بھی کی جائے: مبشر لقمان


نیب حکام نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو گرفتار کر کے اسلام آباد پہنچا دیا ہے جہاں احتساب عدالت نے دونوں کی قید کے وارنٹ بھی جاری کر دئیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا جبکہ ان دونوں کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا جائے گا اس حوالے سے صحافی مبشر لقمان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”آج جب نواز شریف کو نیب گرفتار کر کے میڈیکل چیک اپ کریں تو لازمی چیک کریں کہ میاں صاحب کا بائی پاس ہوا بھی تھا یا وہ بھی قوم سے جھوٹ بولا گیا تھا۔“

واضح رہے کہ مبشر لقمان اپنی سنسنی خیز صحافت کے لئے جانے جاتے ہیں اور انہیں ایک سے زیادہ مرتبہ عدالتوں اور پیمرا کی طرف سے سرزنش کی جا چکی ہے۔ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی 31 مئی 2016 کو لندن کے ایک ہسپتال میں اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی۔ اس وقت ان کے سیاسی مخالفین نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ کرپشن کی تحقیقات سے بچنے کے لئے علاج کے بہانے لندن چلے گئے ہیں.


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).