پاکستانی باکسر محمد وسیم کی ٹائٹل فائٹ میں شکست


باکسر وسیم

محمد وسیم کے حریف سابق ورلڈ چیمپئن تھے

پاکستانی باکسر محمد کو اتوارکے روز انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کی فلائی ویٹ ٹائٹل فائٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں ہونے والی اس ٹائٹل فائٹ میں محمد وسیم کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے موروتی ایم تھلین سے تھا۔

محمد وسیم نے بارہ راؤنڈ کی اس فائٹ میں اپنے حریف کا سخت مقابلہ کیا تاہم ججوں نے متفقہ طور پر فیصلہ موروتی ایم تھلین کے حق میں دیا۔ اس فائٹ کا اسکور114-113 ۔114-111 اور116-111 رہا۔

انعام کے جھوٹے اعلانات اور فوٹو سیشن

محمد وسیم کی پاناما کے باکسر ایوان کو شکست

فلائی ویٹ کیٹیگری میں محمد وسیم عالمی نمبر ایک باکسر

یہ ٹائٹل فلپائن کے باکسر ڈونی نائٹیس کےجونیئر بینٹم ویٹ کیٹگری میں چلے جانے سے خالی ہوا تھا۔

محمد وسیم پہلے پاکستانی باکسر ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کی فائٹ لڑی ہے۔ اس سے قبل وہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے سلور فلائی ویٹ کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں۔

محمد وسیم نے فائٹ سے قبل کوالالمپور سے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس فائٹ کےسلسلے میں خاصے پرجوش ہیں یہ ان کا خواب بھی ہے۔ انہوں نے لاس ویگاس میں اپنے ٹرینر جیف مے ویدر کے ساتھ سخت ٹریننگ کی ہے جن کے ساتھ وہ پچھلے دو سال سے وابستہ ہیں۔

محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ان کے کورین پروموٹر اینڈی کم انہیں ورلڈ باکسنگ کونسل کی فائٹ دلانے میں ناکام رہے تھے اگرچہ وہ اب بھی ان کے پروموٹر ہیں لیکن اب انہوں نے ایک امریکی منیجر کی خدمات حاصل کرلی ہیں جو ان کے باکسنگ سے متعلق تمام معاملات دیکھ رہے ہیں ۔

محمد وسیم نے کہا کہ انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کی باکسنگ کی دنیا میں بڑی اہمیت ہے انہیں اس سے وابستہ ہونے پرخوشی ہے۔ انہیں تین سال کا کنٹریکٹ بھی دیا گیا ہے لیکن وہ ٹائٹل فائٹ کے بعد ہی اس بارے میں فیصلہ کریں گے ۔

یاد رہے کہ تیس سالہ محمد وسیم اپنے پروفیشنل کریئر میں آٹھ فائٹس میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں اور انہیں اپنے پروفیشنل کریئر میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

محمد وسیم کے حریف پنتیس سالہ ایم تھلانی نے اپنے کریئر میں اڑتیس میں سے چھتیس فائٹس جیتی ہیں جن میں چوبیس میں حریف باکسرز کو ناک آؤٹ کیا ہے۔

انہوں نے اپنے اعزاز کا چار بار دفاع کیا لیکن انہیں اپنے عالمی اعزاز سے اسوقت محروم ہونا پڑا جب انہوں نے اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لیے ایک فائٹ لڑنے سے انکار کردیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp