ایک صاحب ہیں اقرارالحسن


\"usmanایک صاحب ہیں، خود کو اقرارالحسن بتاتے ہیں اور اے آروائے نیوز پر پروگرام بھی کرتےہیں

یہ صاحب ان دنوں چیلنج پہ چیلنج کررہے ہیں، کہتےہیں کہ وہ ایک صحافی ہیں اور ان کے سندھ اسمبلی میں کیے گئے اسٹنگ آپریشن کو کوئی غلط ثابت کرکے دکھائے۔

انہوں نے سندھ اسمبلی کے رپورٹر ارباب چانڈیو کو چیلنج کیا، سما نیوزکو چیلنج کیا، سانپ گزرگیا اور یہ لکیر پیٹنے میں اتنے مصروف ہیں کہ لگتا ہے کہ کوئی اور کام دھندہ ہی نہیں۔

ان صاحب کا شاید مسئلہ یہ ہے کہ ان کے چیلنج کو کسی نے قبول نہیں کیا۔

ان صاحب کے چیلنج کو قبول نہ کرنا کیا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان کے سارے صحافی غلط ہیں؟

شاید ایسا نہیں ہے۔۔ معاملہ کچھ یوں ہے کہ صحافی اس بات ہی کو اپنی توہین سمجھ رہے ہیں کہ اقرارالحسن نام کا آدمی خود کو صحافی کہہ رہا ہے۔

ابھی تھوڑی دیر پہلے کراچی پریس کلب کا اجلاس ہوا، پاکستان کے سب سے بڑے پریس کلب نے ان صاحب سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔

اگرآپ کبھی ان صاحب کو ٹی وی پر دیکھیں تو یہ سوچ کردیکھئے گا کہ یہ صحافی نہیں ہے بلکہ انٹرٹینمنٹ کا پروگرام کرنے والے ایک بہترین اینکر ہیں اور ہم سب ان کی اینکرنگ کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور دعاگو ہیں کہ یہ خوب ترقی کریں مگر انہیں سے صحافیوں سے نہ جوڑا جائے، عزت نفس بھی آخر کوئی چیز ہوتی ہے۔

لوگ سوچتے ہوں گے کہ صبح شام چیلنج چیلنج چلانے والے اس آدمی کا حلق سوکھ چکا ہے اور سماء نیوز خاموش ہے، آخر اس کی وجہ کیا ہے۔

سماء نیوز کیا سوچتا ہے۔۔ یہ سماء نیوز ہی کو پتہ ہوگا تاہم میرا ذاتی خیال ہے کہ سما نیوز چونکہ مالکان سے لے کر رپورٹر تک صحافیوں پر مشتمل ایک ادارہ ہے تو اسے صحافیوں کی عزت نفس کا خیال ہے اور جواب نہ دینے کی وجہ شاید یہ ہے کہ کون اس ٹھہرے ہوئے تالاب میں پتھر پھینکے۔۔ اپنے کپڑے گندے ہوتے ہیں۔

میرا قطعاً ذاتی خیال ہے کہ چونکہ سماء نیوز پاکستان کا نمبر ون چینل ہے اور یہ بذات خود ایک چیلنج ہے، اس چینل کو کیا ضرورت کہ کسی کا چیلنج قبول کرے۔۔ اگر اقرارالحسن سماء نیوز کو شکست دینا چاہتا ہے تو یہاں پر بھی سرعام کی طرز کا ایک پروگرام ہوتا ہے۔۔ یہ پروگرام اقرارالحسن کی اہلیہ کرتی ہیں، موصوف سماء میں اپنی اہلیہ کے پروگرام سے زیادہ ریٹنگ لے آئیں۔۔ یہی ان کی کامیابی ہے۔

میرا اقرارالحسن سے ایک سوال ہے، کچھ دنوں پہلے انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کا مؤقف سچ ثابت ہوگیا ہے اور ایک نجی چینل پر پیمرا نے 25 ہزار روپے کا جرمانہ بھی کردیا ہے۔

اقرارصاحب ۔۔ بتائیں گے کہ وہ نجی چینل کون سا ہے؟ جب یہ خبر چل رہی تھی تو سماء نیوز کی فوٹیج چلائی جارہی تھی تو گمان کیا جاسکتا ہے کہ سماء نیوز ہوگا تاہم سنا ہے کہ سماء نیوز کو تو ایسا کوئی نوٹس ہی نہیں ملا۔

اگر آپ کی خبروں کا یہ معیار ہے تو صحافت سیکھ ہی لیں اور ہاں!! صحافت سیکھنے کے لئے آپ اسی رپورٹر ارباب چانڈیو کے پاس جائیں، جس کو آپ صبح شام چیلنج کررہے ہیں، ان کا 23 برس کا صحافتی تجربہ ہے، اچھا سیکھ لیں گے۔

اچھا آخری بات تو رہ گئی ۔۔ کراچی پریس کلب نے اقرارالحسن سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے ، یہ کلب ہزاروں صحافیوں کانمائندہ ہے ۔۔ تو پھر کیا خیال ہے صحافی اقرارالحسن صاحب۔۔ کراچی پریس کلب کے خلاف آپ گرینڈ آپریشن کب کر رہے ہیں؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
4 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments