مر یم نواز نے جیل سے پہلا آڈیو پیغام جاری کر دیا


سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز جیل سے پہلا آڈیو پیغام جاری کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مخالفین نے مجھے میرے والد کی کمزوری بنانا چاہا مگر میں اپنے والد کی طاقت بن کر ابھری ہوں۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مریم نواز نے اتوار کو جیل سے ایک آڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ میں اپنی والدہ کو شدید بیماری میں اکیلا چھوڑ کر آئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں جب اپنے والد کے ہمراہ لندن پہنچی تو میری والدہ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج تھیں، ہماری واپسی سے قبل انہوں نے چند لمحوں کے لیے آنکھیں کھولیں مگر ہماری ان سے بات نہ ہوسکی۔

انہو ں نے کہا کہ وہ یہاں قانون کے آگے سر جھکانے اور جیل کاٹنے وطن واپس آئی ہیں، تاہم قوم سے اپیل ہے کہ وہ ان کی والدہ کی صحت یابی کے لیے دعا کرے۔ اپنی سزا سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ وہ قید میں اس لیے نہیں ہیں کہ انہو ں نے کوئی جرم کیا بلکہ ان کا قصور صرف یہ ہے کہ ان کی رگوں میں نواز شریف کا خون ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ ایک بہادر باپ اور بہادر قوم کی دلیر بیٹی ہیں۔ مخالفین نے انہیں نواز شریف کی کمزوری بنانا چاہا مگروہ اپنے والد کی طاقت بن کر ابھری ہیں۔

مسلم لیگ (ن)کی انتخابی مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ اگر جیل میں نہ ہوتی تو آپ کی تاریخی اور فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہوتی، لیکن اس کے باوجود ہر لمحہ آپ کی بیٹی آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام سے اپیل کی کہ الیکشن کی بھرپور تیاری کریں، اور گھر گھر ووٹ کو عزت دو کا پیغام پہنچائیں۔ خواتین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی بہنیں او ر بیٹیاں اس جنگ کا ہر اول دستہ بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مریم نواز ایک حلقے سے الیکشن لڑ رہی تھی مگر اب ملک کے 272 حلقوں سے الیکشن لڑ رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).