مستونگ دھماکہ: ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 149


مستونگ

جمعے کو ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 149 ہو گئی ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں گذشتہ جمعہ ہونے والے خود کش حملے میں 21 مزید افراد کی موت کی تصدیق ہونے کے بعد ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 149 ہو گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ قائم خان لاشاری نے فون پر بی بی سی کے نامہ نگار محمد کاظم کو بتایا کہ بعض لوگوں نے ہلاک ہونے والے اپنے رشتہ داروں کی لاشوں کو ہسپتال پہنچانے کے بجائے جائے وقوعہ ہی سے اپنے گھروں کو لے گئے تھے ۔

انہوں نے بتایا کہ اتوار کو ہلاک اور زخمی ہونے افراد کے ڈیٹا کو مکمل کیا گیا جس کے مطابق سانحے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 149 جبکہ زخمیوں کی تعداد 186 ہے۔

مستونگ دھماکہ: ’تین بیٹے دیکھنے گئے تھے، تینوں مارے گئے‘

مستونگ خود کش حملہ: 128 افراد ہلاک، امریکہ کی مذمت

جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے اعداد و شمار اکٹھی کرنے والی ٹیم کے ایک رکن نے بی بی سی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سات بچے بھی شامل تھے۔

درینگڑھ میں خود کش حملے سے قبل انتخابی جلسے کی جو ویڈیوز سامنے آئی ہیں ان میں بچے بھی جلسہ گاہ میں نظر آتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس خود کش حملے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما اور بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی۔35 مستونگ سے پارٹی کے امیدوار نوابزادہ میر سراج رئیسانی کو ایک انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران نشانہ بنایا گیا تھا۔

مستونگ

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ نے نوابزادہ میر سراج رئیسانی کی نماز جنازہ میں شرکت بھی کی اور انہیں ‘پاکستان کا بہادر سپاہی’ قرار دیا۔

وہ بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور چیف آف جھالاواں، نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی تھے اور اسی نشست سے نواب اسلم رئیسانی کے مقابلے میں انتخاب لڑ رہے تھے۔

اس واقعہ کے حوالے سے جو ویڈیو سامنے آئی اس میں یہ نظر آتا ہے کہ نواب زادہ سراج رئیسانی کے خطاب کے آغاز کے ساتھ ہی دھماکہ ہوتا ہے۔

جب سٹیج سیکریٹری نوابزادہ سراج رئیسانی کو خطاب کے لیے بلاتا ہے تو لوگ کھڑے ہوکر ان کا استقبال کرتے ہیں۔نوابزادہ سراج رئیسانی کے خطاب کے آغاز کے پندرہ سے بیس سیکنڈ کے بعد دھماکہ ہوتا ہے۔

دھماکے سے قبل براہوی زبان میں وہ صرف اتنا بول سکے کہ ‘بلوچستان کے بہادر لوگو’۔

سول ہسپتال کوئٹہ میں زخمی ہونے والے ایک زیر علاج شخص نے بتایا انتخابی جلسے کے لیے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات نہیں تھے۔

نوابزادہ سراج رئیسانی کے خاندان کو بلوچستان کے قبائلی اور سیاسی سیٹ اپ میں ایک اہم مقام حاصل ہے۔

مستونگ

بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد انہوں نے اپنے بڑے بھائیوں کے موقف کے برعکس سیکورٹی فورسز کا بھرپور انداز سے ساتھ دیا تھا۔

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ نے کوئٹہ میں ان کی نماز جنازہ میں شرکت بھی کی تھی اور انہیں ‘پاکستان کا بہادر سپاہی’ قرار دیا۔

مستونگ حملے کے حوالے سے چین اور جرمنی کے سفیروں نے بھی واقعے کے شدید مذمت کی ہے۔

https://twitter.com/KoblerinPAK/status/1018063218751787010

ہلاکتوں کی تعداد کے لحاظ سے درینگڑھ میں ہونے والا خود کش حملہ بلوچستان میں ہونے والے خود کش حملوں میں سب سے بڑا حملہ تھا اور ملک کی تاریخ میں شدت پسندی کے چند بڑے واقعات میں سے ایک ہے۔

ایک اندازے کے مطابق بلوچستان میں سنہ 2013 سے اب تک 50 سے زیادہ خود کش حملے ہو چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp