صحافیو! ضمیر بیچ کر نواز شریف کو ہیرو کیوں بنارہے ہو: عمران خان


چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن سے لڑنے کے لیے کیسے ان لوگوں کے ساتھ مل کر حکومت بناسکتے ہیں جن پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے کیسز ہیں۔ زرداری ٹکٹ بلیک کرتا تھا۔ نواز شریف اڈالیہ جیل میں انڈین فلم کے ڈرامے کر رہا ہے۔ صحافیوں سے پوچھتا ہوں ضمیر بیچ کر نواز شریف کو ہیرو کیوں بنا رہے ہو؟

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو فیصل آباد، جھنگ اور سیالکوٹ میں جلسوں سے خطاب میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے کا کیا فائدہ اگر اپنے منشور پر ہی عمل نہ کرسکیں، کرپشن سے لڑنے کے لیے کیسے ان لوگوں کے ساتھ مل کر حکومت بنا سکتے ہیں جن پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں مل کر سیاسی جماعتوں نے دھاندلی کی تھی اور اب وہی جماعتیں دھاندلی کا رونا رو رہی ہیں،۔ عمران خان نے کہا کہ اے پی ایس کے بعد مستونگ میں دہشتگردی بڑا سانحہ ہے، مستونگ سانحے کے پیچھے پاکستان کے دشمن ہیں جب کہ دہشت گردی کا مقصد انتخابات کو سبوتاژ کرنا ہے، لوگوں میں خوف پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخا با ت انتہائی اہم ہیں، دہشت گردی کا انتخابات سے براہ راست تعلق ہے کیوں کہ اس میں نہ صرف باہر کے لوگ ملوث ہیں بلکہ اندر بھی کچھ لوگ ہیں جو چاہتے ہیں کہ انتخابات میں خلل پیدا ہو۔

تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان نے کہا ہے کہ عوام رشتے داریوں اور برادری سے بالاتر ہو کر نظریے کو ووٹ دیں، بلے کو ووٹ دیں کیوں کہ آپ کو ان کو شکست دینی ہےجنہوں نے تیس سال حکمرانی کی ہے۔ وہ جھنگ کے اسپورٹس کمپلیکس میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ تعالی نے انہیں کامیابی دی تو ایسی تبدیلی لائیں گے جس سے ملک ترقی کرے انہوں نے کہا کہ وہ سب سے پہلے ایک اچھا بلدیاتی نظام لائیں گے تاکہ طاقت مرکز سے صوبے اور صوبے سے ضلع تک منتقل ہو اور عوام اپنے فیصلے خود کریں کہ انہیں کس چیز کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے کہاکہ جھنگ اس لئے پیچھے رہ گیا کیوں کہ فیصلے لاہور میں ہوئے اور لاہور والوں کو کیا علم کہ جھنگ کے مسائل کیا ہیں۔ انھوں نے کہا شہباز شریف نے فیصلہ کیا کہ ملتان میں میٹرو بنائی جائے اور ساٹھ ارب کی میٹرو بنائی اور فیصلے کی وجہ یہ تھی کہ شریف خاندان نے کمیشن بنانا تھی اور پیسہ باہر بھیجنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا بجٹ 635۔ ارب روپے ہے اور یہ آدھا لاہور پہ لگا دیتے ہیں۔ جب ہماری حکومت آئے گی تو ہمارا منصوبہ ہے کہ پانچ سالوں میں پچاس لاکھ گھر بنائیں گے، مہنگائی پر قابو پائیں گے، پولیس کے نظام کو ٹھیک کریں گے جیسے ہم نے خیبر پختونخواہ کی پولیس کو غیر سیاسی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریفوں نے پنجاب پولیس تباہ کر دی اور 870 افراد پولیس سے قتل کرائے اور ماڈل ٹاؤن میں سامنے کھڑے ہوکر عوام کو گولیاں ماری گئیں، عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ حکومت میں آئے تو اتنا پیسہ اکٹھا کر لیں گے کہ قرضہ نہ لینا پڑے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں 9 دن رہ گئے ہیں میں 22 سال سے اس دن کا انتظار کر رہا ہوں۔ قوم کا 300 ارب روپیہ لوٹنے والے کو جیل میں ڈالا گیا ہے۔ فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومیں اس وقت تباہ ہوتی ہیں جب وہ اچھے اور برے کی تمیز نہ کر سکیں۔ جیلیں چوروں سے بھری ہیں، یہاں عام آدمی کیلئے جیل اور خاص آدمی کیلئے جیل اور ہے۔ انھوں نے کہا پاکستان کا المیہ تھا کہ یہاں مجرموں کو سزائیں نہیں ہوئیں۔

فیصل آباد کے لوگو یہ وقت ہے رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی کے خلاف نکلنے کا۔ انہیں ہرانے کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ ڈالیں۔ چوروں کے شکنجے سے ملک کو نکالیں۔ رانا ثناء اللہ کے متعلق تو شیر علی نے بھی کہا کہ اس نے 14 قتل کیے ہیں۔ میں ساری قوم کو کہتا ہوں میرے لئے نہیں اپنے مستقبل کیلئے نکلیں۔ اپنے آنے والی نسلوں کیلئے نکلیں۔ 40سال سے یہاں جو کچھ ہو رہا ہے یہ آپ کے مسائل کی جنگ ہے۔ 22 سال پہلے میں نے جدوجہد شروع کی۔ یہاں مہنگائی کا طوفان ہے۔ میری مائیں جانتی ہیں کتنی مہنگائی ہے۔

نواز شریف نے چارٹر آف ڈیموکریسی نہیں بلکہ چارٹر آٖف مک مکا سائن کیا۔ 10 سالوں میں ملک کا دیوالیہ نکال دیا۔ 10 سالوں میں 6 ہزار ارب روپے قرضہ 21 ہزار ارب روپے تک پہنچا دیا۔  21 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ بجلی کی قیمت دو روپے تیرہ پیسے فی یونٹ سے نو روپے چھیاسی پیسے تا جا پہنچی۔ 400 گنا بجلی مہنگی ہوئی۔ ہماری انڈسٹری بند ہونا شروع ہو گئی۔ ہماری انڈسٹری بحران کا شکار ہوئی۔ نوجوان بیروزگار ہوئے۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش ہم سے آگے نکل گئے۔ ہماری ایکسپورٹ 25 ارب ڈالر سے 9 ارب ڈالر تک گر گئیں۔ ٹیکس لگا کر انڈسٹری کو نقصان پہنچایا گیا۔ 10 سال پہلے آٹے کی قیمت 13 روپے تھی اب 45 روپے ہے۔ دال 55 روپے تھی اب 90 روپے ہے۔ 45 فیصد پاکستان کے بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔ دودھ  25 روپے کلو سے 100 روپے کلو تک پہنچ گیا۔ امریکہ اور برطانیہ میں 40 روپے اور 60 روپے فی لٹر دودھ ہے جبکہ یہاں 130 روپے فی لٹر ہے۔ آج سے 50 سال پہلے پاکستان میں ترقی تھی۔ ایشیاء میں پاکستان سب سے آگے تھا۔ 60 کی دہائی میں ڈیم بنے۔ وارسک، منگلا اور تربیلا ڈیم بنا۔ پی آئی اے نے سنگا پور،عمارات اور سعودی ائرلائن بنائیں۔ نواز شریف اڈیالہ جیل میں انڈین فلم کے ڈرامے کر رہا ہے۔ بیٹا 600 کروڑ روپے کے گھر میں رہ ہا ہے۔ دوسرا بیٹا اربوں کے گھر میں رہ رہا ہے۔ میں بھی 8 دن جیل میں رہا۔ عام آدمی کیلئے جیل میں برے حالات ہیں۔ غریب آدمی چوری کرے تو اسے جیل میں بند کر دیتے ہیں۔

صحافیوں سے پوچھتا ہوں ضمیر بیچ کر نواز شریف کو ہیرو کیوں بنا رہے ہو۔ اپنے بچوں کی فکر کرو۔ پاکستان کی جیلوں میں انسانوں کے ساتھ کیا ہوتا ہے۔ 10لوگوں کی جگہ پر 30 لوگ ہوتے ہیں۔ پا کستا ن تحریک انصاف فیصل آباد کے کسانوں اور مزدوروں اور ٹیکسٹائل مالکان کیلئے انقلابی منشور لائی ہے۔ شوگر ملز مالکان اگر کسانوں کو پیسے نہیں دیں گے تو ان سے سرچارج وصول کیا جائے گا جس طرح یہ آپ کو ڈیفالٹر قرار دیتے ہیں انہیں بھی بلیک لسٹ کریں گے۔ کسان کو ہندوستان کے ریٹ پر ٹیوب ویل کیلئے سستی بجلی دیں گے۔ پاکستان کی ٹیکسٹائل ہندوستان اور بنگلہ دیش سے مقابلہ کرے گی۔ 60فیصد ایکسپورٹ کم ہوئی ہے۔ فیکٹریاں بند کر کے ہاؤسنگ کالونیاں نہیں بننے دیں گے۔ نوکریاں پیدا کریں گے۔ فیصل آباد میں اقلیتی برادری زیادہ ہے۔ قانون کی بالادستی سب کیلئے یقینی ہو گی۔ اقلیتوں کو برابری کے حقوق دیں گے۔

تاجر برادری سن لو نواز شریف کو ووٹ دیا تھا آپ نے ’’ہن مزہ آیا‘‘ انشاء اللہ آپکے مسائل حل کریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا سیالکوٹ میں جلسہ عام سے دوران خطاب کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کے بعد سانحہ مستونگ سب سے بڑا حادثہ ہےاس واقعہ میں ملوث پاکستان کے دشمن ہیں جو پاکستان کے اندر بھی ہیں اور باہر بھی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم معطل کر نے سے دشمن کامیاب ہو جائیں گے جس کو ناکام کرنے کے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور نواز امیر سے امیر تر اور عوام غریب سے غریب ہوئے زرداری ٹکٹ بلیک کرتا تھا اور وزیر خارجہ دوسرے ملک سے تنخواہ لیتا تھا جو افسوس ناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بائیس سال سے کریشن کے خلاف جدوجہد کر رہا ہوں اقتدار میں آکر ملک سے کریشن کو ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں یونیورسٹی اور عالمی معیار کے ہسپتال بنائیں گے تاکہ عوام کو سہولت مل سکے جو انکو سابق حکومت نے نہ دی۔ انہوں نے کہا کہ شریفوں نےپولیس کو تباہ کیا ہم درست کریں گے جبکہ عوام کو بنیاد ی سہولیات کی فراہمی کے لئے بلدیاتی نظام کو موثر کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).