عمران خان کی جانب سے ’نازیبا‘ زبان پر الیکشن کمیشن کا نوٹس


عمران خان

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران سیاسی مخالفین کے بارے میں مبینہ طور پر نازیبا زبان استعمال کرنے کا نوٹس لے کر انھیں طلب کر لیا ہے۔

یہ نوٹس میڈیا میں نشر کی جانے والی خبروں پر لیا گیا۔

عام انتخابات میں صرف ایک ہفتہ رہ گیا ہے اور تمام جماعتوں کے رہنما اور امیدوار سرگرمی سے انتخابی چلا رہے ہیں، جس کے دوران بعض اوقات وہ اخلاق سے گری ہوئی زبان استعمال کر لیتے ہیں۔

عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں ایک چار رکنی بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے جو جمعرات کو سماعت کرے گا۔

اس نوٹس کی رو سے عمران خان کو خود یا وکیل کے ذریعے بینچ کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے گذشتہ ہفتے ایک جلسے کے دوران اپنی حریف جماعت مسلم لیگ ن کے حامیوں کو ‘گدھا’ کہا تھا جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔

پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو نے اس بارے میں کہا تھا کہ یہ رجحان ملک کی جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے، جب کہ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی تھی کہ وہ عمران خان کی تقاریر پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے۔

تحریکِ انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق پر بھی الزام ہے کہ انھوں نے جلسوں میں نازیبا زبان استعمال کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp