غاروں میں پھنس جانے والے بچے،’معجزانہ لمحات تھے جب غوطہ خوروں نے ہمیں ڈھونڈ نکالا‘


تھائی لینڈ

غار سے نکلنے کے بعد ہسپتال میں کچھ دن گزار کر یہ بچے اپنے کھیل کے لباس میں پریس کانفنرس کے لیے آئے

شمالی تھائی لینڈ کے غاروں میں پھنسے 12 بچوں نے بحفاظت باہر نکلنے کے بعد پہلی بار میڈیا سے بات چیت میں کہا ہے کہ وہ ‘لمحات معجزانہ’ جب غوطہ خوروں نے ان کا پتہ لگایا۔

ادلسام کی عمر 14 برس ہے وہ انھیں بچوں میں شامل تھے۔

انگریزی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے صحافیوں سے کہا کہ جب برطانوی غوطہ خوروں نے انھیں بچایا تو وہ فقط انھیں ہیلو ہی کہہ سکے۔

یہ لڑکے اپنے کوچ کے ہمراہ تھیم لوانگ کے غاروں میں دو ہفتے سے زائد عرصے تک محصور رہے۔

انھوں نے بدھ کی صبح ہسپتال سے چھٹی ملنے کے بعد گھر کی راہ لی۔

یہ تمام لڑکے اس موقعے پر وائلڈ بییئر نامی فٹ بال کلب کی جونئیر ٹیم کی کٹ پہنے چیانگ رائی میں پریس کانفرنس کے لیے آئے۔

وہاں موجود سٹیج کو پچ کی شکل دی گئی تھی اور اس پر آویزاں بینروں پر لکھا تھا کہ ’وائلڈ بیئرز کو گھر لاتے ہوئے۔‘

یہ بچے تھائی لینڈ کے ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ موجود تھے جنھوں نے انھیں بچانے میں مدد فراہم کی۔

تھائی لینڈ

تھائی لینڈ کے غاروں میں 12 بچے کوچ کے ہمراہ دو ہفتے کے زیادہ عرصے تک پھنسے رہے

ایک بچے نے بتایا کہ انھوں نے کیسے غار میں موجود پانی پر گزارہ کیا۔’ پانی صاف ہے، صرف پانی خوراک نہیں۔‘

11 سالہ ٹائٹن نے کہا کہ میں نے کوشش کی کہ میں کھانے کے بارے میں نہ سوچوں کیونکہ اس سے مجھے اور زیادہ بھوک لگتی تھی۔‘

یہ بچے 23 جون کو لاپتہ ہوئے تھے اور دو جولائی کو بازیاب ہوئے تھے۔

نیوی سیلز نے انھیں خوراک اور دیگر اشیا پہنچائی تھیں۔

لڑکوں نے بتایا کہ کیسے ایک ہفتے کے دوران ان کے اور امدادی کارکنوں کے درمیان ایک تعلق قائم ہو گیا تھا۔

ٹائٹن کہتے ہیں کہ نیوی سیل بیٹوئے تو غار کے بادشاہ تھے جو ہمیشہ شطرنج کی بازی جیت جاتے تھے۔

ٹیم کے کوچ کیپول چانٹاونگ نے بحریہ کے اس اہلکار کو بطور خاص خراج تحسین پیش کیا جنھوں نے اس آپریشن میں اپنی جان کھو دی تھی۔

’ہم بہت متاثر ہیں اس بات سے کہ سمان نے اپنی زندگی ہمیں بچانے کے لیے قربان کر دی، صرف اس لیے کہ ہم یہاں سے جا کر اپنی زندگی گزار سکیں۔ ہم نے جب یہ خبر سنی تو ہمیں دھچکہ لگا۔ ہم بہت اداس تھے۔ ہمیں ایسا محسوس ہوا جیسے ۔۔۔ ہم ان کے خاندان کے غم کا سبب بنے ہیں۔‘

کچھ لڑکوں نے کہا کہ اس تجربے سے انھوں نے سبق سیکھا ہے۔

ایک لڑکے کا کہنا تھا کہ میں نے عہد کیا ہے کہ اب زندگی میں مزید محتاط ہوں گا اور دوسرے نے کہا کہ میں نے یہ سیکھا ہے کہ مزید صبر کروں گا اور مضبوط رہوں گا۔

ان لڑکوں کو کچھ عرصے کے لیے بودھ بھکشو کی نگرانی میں دیا جائے گا کیونکہ تھائی لینڈ میں یہ روایت ہے کہ اگر کوئی مرد کسی بری صورتحال کا شکار ہو تو انھیں بودھ بھکشو کے پاس بھیجا جاتا ہے۔

چیانگ رائے پراکون پراتسوکن کے صوبائی گورنر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ لڑکوں کا سرکاری میڈیا کو دیے جانے والا انٹرویو ہے اب اس کے بعد وہ میڈیا سے مزید بات نہیں کریں گے۔

وہاں موجود ایک نفسیاتی معالج نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بغیر کسی انتشار کے لڑکے اپنی نارمل زندگی جییں۔

وہ وہاں کیسے پہنچے؟

11 سے 16 سال کی عمر کے 12 بچے اور ان کے 25 سالہ کوچ 23 جون کو لاپتہ ہو گئے تھے۔ کہا گیا کہ وہ شمالی صوبے چیانگ رائی کے غاروں میں داخل ہوئے تھے لیکن اچانک بارش کے سبب وہ اسی میں پھنس کر رہ گئے۔

وہ خشک حالت میں غاروں میں داخل ہوئے تھے لیکن پانی اور کیچڑ نے ان کا راستہ بند کر دیا جس کے سبب وہ تاریکی میں گھر گئے۔

ان کا پتہ کیسے چلا؟

لاپتہ ہونے کے نو دنوں بعد پیر کی شام دو برطانوی غوطہ خور ان تک پہنچے۔

بچے غار کے دہانے سے تقریباً چار کلو میٹر کے فاصلے پر ایک ذیلی غار کے اندر ایک چٹان پر بیٹھے ملے۔

ان کے ملنے کی پہلی ویڈیو تھائی بحریہ سیل نے فیس بک پر پوسٹ کی تھی جس میں بچوں کو پانی کے کنارے ٹارچ کی روشنی میں دیکھا گیا۔

ان بچوں نے غوطہ خوروں کو بتایا کہ وہ سب زندہ ہیں اور بہت بھوکے ہیں۔

تھیم لوانگ کے غار عام طور پر برسات میں پانی سے بھر جاتے ہیں اور وہاں ستمبر اور اکتوبر تک پانی رہتا ہے۔

وہ باہر کیسے نکلے؟

ریسکیو آپریشن میں شامل ماہرین لڑکوں اور ان کے کوچ کے ہمراہ موجود رہے۔

ہر لڑکے کے ساتھ ایک ایک غوطہ خور تھا جس نے ان کو آکسیجن پہنچانے کے لیے سلینڈر اٹھا رکھا تھا۔ لڑکوں کے چہرے پر فل ماسک تھا جو کہ نئے نئے غوطہ خوروں کے لیے بہتر ہوتا ہے۔

ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے غوطہ خوروں میں سے ایک نے بی بی سی کو بتایا کہ لڑکوں کو بیہوشی طاری کرنے والی ادویات دی گئی تھیں تاکہ وہ اندھیرے اور پانی کے اندر سے گزرتے ہوئے خوف کا شکار نہ ہو جائیں۔

ریسکیو آپریشن تین دن تک تین مرحلوں میں کیا گیا۔

آپریشن کی کامیابی کے بعد کوچ اور لڑکوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انھیں طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی گئی۔

اس دن 17 سالہ پیراپاٹ سومپیانگجائی کی سالگرہ تھی، اور لڑکے اسے منانے کے لیے اپنے ساتھ کچھ سنیکس بھی لے کر آئے تھے جس نے بعد غار میں ان کے کھانے کی ضرورت کو پورا کیا۔

معاون کوچ کاپول چانٹاونگ سب سے خستہ حالت میں ملے کیوںکہ انھوں نے کچھ بھی کھانے سے انکار کر دیا تھا اور اپنے حصے کی خوراک بھی لڑکوں کو دے دیتے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp