روسی صدر پیوٹن کے پرتعیش جہاز کی تصاویر منظر عام پر


روسی صدر پیوٹن کے جہاز کی تصاویر منظر عام پر آگئیں، اس کے اندر کیا کچھ ہے؟ آپ کبھی خوابوں میں بھی نہیں سوچ سکتے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی طیارے ”یو ایس ائیرفورس ون“ کا چرچہ آپ نے بہت سنا ہوگا۔ اس جہاز کے اندر فراہم کی گئی حیرتناک سہولتوں اور اس کی جدید ترین ٹیکنالوجی نے کئی سال سے دنیا میں دھوم مچارکھی ہے۔ اگر آپ بھی امریکی صدر کے خصوصی طیارے سے بہت متاثر ہیں تو اس کے مقابلے میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے خصوصی طیارے پر بھی ایک نظر ڈال لیجئے۔ غالب امکان ہے کہ آپ امریکی صدر کے طیارے کے بارے میں سنی ہوئی سب کہانیاں بھول ہی جائیں گے۔

میل آن لائن کے مطابق روسی صدر کے خصوصی طیارے میں سونے کی پرت سے مزین ٹوائلٹ کی بات ہو، ان کے کنگ سائز بیڈ کی یا مکمل سہولیات سے لیس جم کی، اس ہوائی جہاز کی ہر بات ہی نرالی ہے۔ فن لینڈ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی تازہ ترین ملاقات کیلئے روسی صدر اپنے اسی خصوصی ہوائی جہاز میں دارالحکومت ہیلسنکی کے ائیرپورٹ پر اترے تھے۔

اس خصوصی طیارے کی مالیت 50کروڑ ڈالر (تقریباً 65 ارب پاکستانی روپے) ہے۔ اگرچہ اس کے مقابلے میں امریکی صدر کے خصوصی طیارے کی مالیت ایک ارب ڈالر بتائی جاتی ہے، مگر روسی صدر کے طیارے کے اندر کے مناظر ایسے حیرتناک ہیں کہ امریکی صدر کا طیارہ اس کے سامنے کچھ بھی نظر نہیں آتا۔

مثال کے طور پر ان کے طیارے کے اندر بنائے گئے انتہائی خوبصورت ٹوائلٹ کو ہی دیکھ لیجئے۔ شاید ہی دنیا کے کسی مہنگے ترین ہوٹل میں بھی ایسا خوبصورت ٹوائلٹ ہو۔

اس ہوائی جہاز میں ایک بڑا کانفرنس روم بھی موجود ہے اور ٹوائلٹ کی طرح اس کی میز اور کرسیوں پر بھی سونے کا کام دکھائی دیتا ہے۔

ہوائی جہاز میں صدر پیوٹن کیلئے بنائے گئے انتہائی خاص بیڈ روم کی تو بات ہی کچھ اور ہے۔ اس میں ایک کنگ سائز بیڈ موجود ہے جس کے دونوں جانب سائیڈ ٹیبل اور ان پر رکھے گئے خوبصورت لیمپ موجود ہیں۔ ایک دیوار پر دلکش پینٹنگز لگی نظر آتی ہیں جبکہ اس کا ماحول انتہائی آرام دہ اور خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔

روسی صدر خود کو فٹ رکھنے کے بہت شوقین ہیں اور دوران پروز ان کا دل ورزش کرنے کو چاہے تو اس کا بھی پورا بندوبست موجود ہے۔ طیارے میں ورزش کیلئے ایک مکمل جم موجود ہے جس میں طرح طرح کی مشینیں نظر آتی ہیں۔

یہ ایک لانگ ہال ائیرلائنر طیارہ ہے لیکن اس کی غیر معمولی چوڑائی اور لمبائی کسی بھی دیگر مسافر طیارے سے اسے ممتاز کرتی ہے۔ اس کی لمبائی 213 فٹ، پروں کا پھیلاﺅ 65 میٹر، اور رفتار 1035 میل فی گھنٹہ ہے۔ اس میں ایڈوانسڈ کمیونیکیشن سسٹم نصب کیا گیا ہے جس کے باعث یہ ایک اڑتے ہوئے مینجمنٹ سنٹر جیسا ہے۔ روسی صدر اور ان کے وزراءاس طیارے کے اندر سے ہی باآسانی تمام امور مملکت چلاسکتے ہیں۔

ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ روسی صدر کے پاس اس طرح کے چار خصوصی طیارے ہیں جو ہر لحاظ سے ایک جیسے ہیں۔ وہ جب بھی بیرون ملک جاتے ہیں تو یہ چاروں طیارے اکٹھے پرواز کرتے ہیں لیکن روسی صدر ان میں سے کسی ایک میں موجود ہوتے ہیں، جس کا علم صرف انتہائی قریبی لوگوں کو ہوتا ہے۔ ٹیک آف سے عین پہلے تک ان طیاروں کے عملے کو بھی علم نہیں ہوتا کہ صدر پیوٹن ان میں سے کس میں سوار ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).