امیتابھ اور ان کی بیٹی کے اشتہار پر تنقید


فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ معروف اداکار امیتابھ بچن تو اپنی بیٹی شویتا بچن کے ساتھ پہلی مرتبہ ایک اشتہار کے لیے کام کرنے پر بےحد خوش ہوئے تاہم ان کے اس اشتہار پر اب شدید تنقید بھی کی جارہی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی بینک افسران کی ایک تنظیم نے امیتابھ بچن کے کلیان جیولرز برینڈ کی جانب سے بنائے گئے اشتہار کو ’فضول‘ قرار دے دیا۔

اس اشتہار میں امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی بیٹی شویتا بچن نندا بھی موجود تھیں۔

ڈیڑھ منٹ دورانیے کے اس اشتہار میں دکھایا گیا کہ امیتابھ بچن اپنی بیٹی کے ساتھ بینک میں اپنی پینشن کے سلسلے میں آئے ہیں، جہاں پینشن کا نام سن کر ہی بینک کے افسران انہیں ایک ٹیبل سے دوسری ٹیبل پر بھیجتے، جس کے بعد انہیں بینک مینجر کے پاس بھیجا جاتا ہے۔

بینک مینجر سے ملاقات کے بعد امیتابھ انہیں بتاتے ہیں کے وہ اپنی پینشن لینے نہیں بلکہ ایک ماہ میں ڈبل پینشن جمع ہوجانے پر اس میں سے ایک لوٹانے آئے ہیں۔

جس پر بینک کے مینجر انہیں خاموش رہ کر اس ڈبل پینشن کو استعمال کرنے کا مشورہ دیتے نظر آئے، تاہم امیتابھ نے غلط کو غلط کہا اور اپنی پینشن واپس کردی۔

اشتہار میں ایک ایماندار پینشنر کے مسائل کو دکھایا گیا ہے، ساتھ ہی یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ بھارت میں سرکاری ملازمین کا پینشنرز کے ساتھ کس طرح کا رویہ ہوتا ہے۔

اس اشتہار میں ‘کلیان جیولرز‘ کی جانب سے اصول، بھروسے اور احساس کا درس دیا گیا ہے۔

تاہم بھارتی بینک افسران کی ایک تنظیم نے کلیان جیولرز کے خلاف کارروائی کی دھمکی دی ہے۔

اس تنظیم کے ممبران کا ماننا ہے کہ اس اشتہار کے ذریعے بینک افسران کو غلط انداز میں پیش کیا گیا جبکہ اس سے بینکرز کی دل آزاری بھی ہوئی۔

امیتابھ بچن نے اس اشتہار کو اپنے ٹوئٹر پر بھی شیئر کیا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اس اشتہار کو ہر بار دیکھ کر کافی جذباتی ہورہے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ 75 سالہ اداکار اپنی 44 سالہ بیٹی کے ساتھ کسی اشتہار میں نظر آئے۔

https://www.dawnnews.tv/news/1082818/


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).