نواز شریف سے جیل میں آج کون کون ملا؟


گورنر سندھ اور راجہ ظفر الحق کی نوازشریف سے جیل میں ملاقات

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں آج قیدیوں سے ملاقات کا دن ہے،نوازشریف اور مریم نواز سے ملنے کے لیے ان کے خاندان کے افراد سمیت پارٹی قائدین بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے ان کے دیرینہ ساتھی گورنر سندھ محمد زبیر اور مسلم لیگ نون کے چیئرمین راجہ ظفرالحق اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔

ملاقات کے موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، امکان ہے کہ میاں نواز شریف سے آج ان کے بھائی شہباز شریف اور خاندان کے دیگر افراد بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع کےمطابق ملاقات کرنےوالوں کی فہرست تیارکرلی گئی ہے، فہرست کےمطابق 17خاندان کےافراد سمیت 23لیگی رہنما بھی نوازشریف سےملاقات کریں گے۔

ملاقات کرنے والوں میں آصف کرمانی، جاوید ہاشمی، پرویز رشید، ایاز صادق، مریم اورنگزیب کے نام شامل ہیں۔

دوسری جانب پنجاب کے نگراں وزیراطلاعات احمد وقاص ریاض نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جیل میں بہتر کلاس کی تمام سہولتیں دی جا رہی ہیں، لوہے کا پلنگ ہم نے دیا ہے جبکہ بستر، جوتے، میز، کرسی، ٹی وی اور ریڈیو اُن کا اپنا ہے، ٹوائلٹ بھی ٹائلوں والا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز کی طرف سے جیل میں نواز شریف کو بہتر سہولتیں فراہم نہ کرنے کے الزامات پر پنجاب کے نگراں وزیراطلاعات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کو جیل مینوئل کے مطابق بہتر کلاس دی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی بیرک میں چھت کا پنکھا اور دو بریکٹ فین لگے ہیں، چہل قدمی کی سہولت ہے، کھانے میں پھل، کھجوریں اور قیمہ دیا جا رہا ہے، نوازشریف کی صحت ٹھیک ہے، ان کا معائنہ آر آئی سی کے ڈاکٹرز کرتے ہیں۔

ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم سے جیل مینوئل کے مطابق ملاقات کی جاسکتی ہے، خواتین اورمرد قیدیوں کی فیملی ہفتے میں ایک بار ان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر اور ڈی آئی جی جیل خانہ جات کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف کو 13جولائی کو جیل منتقل کیا گیا، 14جولائی کو انہیں تمام بہتر سہولتیں فراہم کر دی گئیں، البتہ انہیں جیل سے سیاسی مہم چلانے کی اجازت نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).