کوئی سزا ہمیں منزل کی طرف بڑھنے سے نہیں روک سکتی: اڈیالہ جیل سے نواز شریف کا پیغام


 

اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد سینٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جیل سے نواز شریف کا پیغام ہے کہ کوئی سزا انہیں منزل کی طرف بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔ سابق وزیراعظم سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا عزم اسی طرح مضبوط ہے جیسے گرفتاری سے پہلے تھا، 25 جولائی کو شیر پر مہر لگا کر عمران خان کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا عوام کا حق ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جو سہولت عمران خان کو دی گئی وہ پاکستان کے تین بار منتخب وزیراعظم سے کیوں چھینی گئی، ایک مقدمہ چار بار چلتا ہے اور چار سزائیں سنائی جاتی ہیں، دوسری جانب کچھ مقدمات سالوں چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے فیصلے خود لکھتے ہیں کہ فلاں تاریخ کو عدالت آؤں گا اور فلاں کو نہیں آسکتا، یہ ناانصافی اس لیے ہے کہ نواز شریف کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو۔ یہ مطالبہ کرنا کیوں جرم بنا دیا گیا ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ احتساب عدالت نے پوچھ گچھ کے لیے عمران خان کو طلب کیا لیکن ان کی جانب سے جواب آیا کہ وہ انتخابی مہم میں مصروف ہیں اس لیے نہیں آ سکتے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہمارے پارٹی امیدوار قمرالسلام راجہ کوگرفتار کیا گیا، کیا ایسے انتخاب کو انتخاب کہا جا سکتا ہے، یہ الیکشن نہیں، سلیکشن کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کرائے نہیں جا سکتے تو انتخابات کا ڈرامہ کیوں رچایا جا رہا ہے؟ ایک فہرست بنا لیں کہ یہ لوگ قومی اسمبلی کے ممبر ہیں اور یہ وزیراعظم ہیں۔ رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ نوازشریف پر کوئی جرم اور بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).