سماجی کارکن اور آغازِ دوستی کے کنوینر رضا محمود خان سات ماہ بعد بازیاب


سات ماہ قبل پراسرار حالات میں لاہور سے لاپتہ ہونے والے سماجی کارکن اور آغاز دوستی کے کنوینر رضا محمود خان بازیاب ہو گئے ہیں۔

گم شدہ افراد کے انکوائری کمیشن کے سربراہ کے پرسنل سیکرٹری رشید وانی نے تصدیق کی ہے کہ رضا محمود خان کو بازیاب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ رضا خان کو ماڈل ٹاؤن پولیس نے دس روز قبل بازیاب کیا تھا۔ امن کے لئے فعال کارکن رضا محمود خان بخیر و عافیت اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ انکوائری کمیشن کے حکام نے دعویٰ کیا کہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے ایس پی انویسٹی گیشن نے سماجی کارکن کی بازیابی کے بارے میں کمیشن کو مطلع کیا ہے۔

اخباری نمائندوں نے ایس پی ماڈل ٹاؤن عمران سیٹھی سے رابطہ کر کے دریافت کیا کہ رضا محمود خان کو کس نے اغوا کیا تھا، ان کی گم شدگی کی محرکات کیا تھے اور انہیں کہاں سے بازیاب کیا گیا ہے۔ تاہم پولیس افسر نے ان سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔

2 دسمبر 2017 کو رضا محمود خان کو نامعلوم افراد ان کی قیام گاہ واقع ماڈل کالونی سے اٹھا کر لے گئے تھے۔ رضا محمود خان کے بھای حامد ناصر محمود نے 4 دسمبر کو ان کی گم شدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی۔

رضا محمود خان لاہور کی سول سوسائٹی کے فعال کارکن ہیں اور آغاز دوستی نامی تنظیم کے کنوینر بھی ہیں جو پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری کی حمایت کرتی ہے۔

رضا محمود خان کے قریبی دوستوں نے ان کی بازیابی کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ان کی صحت ٹھیک ہے تاہم بازیاب ہونے والے کارکن کے بھائی نے “سیکورٹی اسباب” کی بنا پر اس معاملے پر بات کرنے سے انکار کر دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).