جب اسلام آباد کی ایک لڑکی نے اپنے اغوا کی واردات ناکام بنا دی


’میں دفتر کی گاڑی کا انتظار کررہی تھی کہ ایک مرسڈیز گاڑی آکر رکی اور اس میں سے۔۔۔‘ نوجوان پاکستانی لڑکی نے تمام لڑکیوں کے لئے وارننگ جاری کردی، انتہائی شرمناک بات بتادی

خواتین کو ہراساں کرنا تو ہمارے ہاں گویا ایک مشغلہ سمجھا جاتا ہے جسے ہمارا معاشرہ کچھ خاص سنجیدگی سے نہیں دیکھتا، البتہ اب بات محض ہراس سے بہت آگے بڑھ رہی ہے۔ اب خواتین کو صرف ہراساں ہی نہیں کیا جا رہا بلکہ انتہائی مکاری سے خطرناک جرائم کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ خصوصاً تعلیم اور کام کاج کے لئے گھر سے باہر جانے والی خواتین کے سر پر نئی نئی قسم کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔ صورتحال کی سنگینی کا اندازہ آپ اس خوفناک واقعے سے کر سکتے ہیں جو ایک لڑکی نے سوشل میڈیا پر بیان کیا ہے۔ اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں اس لڑکی نے اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ کچھ یوں بیان کیا ہے:

” میرے ساتھ آج ایک بہت ہی خطرناک واقعہ پیش آیا اور میں اسے آپ کے ساتھ شیئر کرنا اور اس مسئلے کے بارے میں آگاہی پھیلانا چاہتی ہوں۔ آج دفتر میں میرا پہلا دن تھا اور میں اپنے گھر کے باہر کھڑی دفتر کی گاڑی کا انتظار کر رہی تھی۔ کچھ دیر بعد ایک مرسڈیز گاڑی میرے قریب آکر رکی۔ اس میں تقریباً چالیس سال عمر کا ایک شخص بیٹھا تھا جو مجھ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہنے لگا ’میں آپ کو لینے آیا ہوں میڈم! ‘

مجھے یہ معاملہ مرسڈیز گاڑی کی وجہ سے کچھ مشکوک لگ رہا تھا۔ میں نے اس سے نام پوچھا تو اور اس نے اپنا نام شہزاد بتایا ۔ مجھے معلوم تھا کہ جس ڈرائیور نے مجھے لینے آنا تھا اس کا نام محمد علی تھا۔ میں نے اس سے کہا کہ شاید آپ نے کسی اور کو لینا ہو گا، لیکن اس کا جواب تھا کہ ’محمد علی کی بجائے آج میری ڈیوٹی لگائی گئی ہے آپ کو لینے کیلئے ۔‘ میں نے اس کی بات پر یقین نہیںکیا اور دفتر کی جانب سے دیئے گئے ڈرائیور کے نمبر پر کال کی تو وہ کہنے لگا کہ میں بس پہنچ ہی رہا ہوں۔ اگلے ہی لمحے میں نے دفتر کی گاڑی کو دیکھا اور اس کی جانب دوڑ لگا دی۔ اس دوران مرسڈیز وہاں سے چل پڑی اور میں نے جلدی سے اس کی تصاویر لینے کی کوشش کی۔ اس کا نمبر اسلام آباد CK-728تھا لیکن جب میں نے کچھ معلومات لیں تو پتہ چلا کے یہ جعلی نمبر تھا۔

مجھے خدشہ ہے کہ یہ شخص ایسی لڑکیوں کو نشانہ بنا رہا ہے جو صبح کے وقت دفتر جانے کیلئے اپنے دفتر کی گاڑی، کریم یا اوبر وغیرہ کی گاڑی کا انتظار کر رہی ہوتی ہیں۔ میں یہ سوچ کر بہت خوفزدہ ہوں کہ اگر یہ کوئی عام گاڑی ہوتی تو میں باآسانی اس شخص کی بات پر یقین کر تے ہوئے اس کے ساتھ بیٹھ جاتی۔ میں آپ سب لڑکیوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ اس خطرے سے خبردار ہیں اور انتہائی احتیاط سے کام لیں۔ ہمیشہ بہت اچھی طرح تصدیق کرلیں کہ آپ کس کے ساتھ بیٹھ رہی ہیں۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).