مسلمان اپنی حب الوطنی کیوں ثابت کریں: ابھینو سنہا


ابھینو سنہا

یہاں ابھینو سنہا کو گلے میں زرد گلوبند کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے ان کے ساتھ فلم کی اداکارہ تاپسی پنوں بھی ہیں

کیا کسی بھی ملک کا میڈیا یا آرٹ اور فن اس کے معاشرے کا آئینہ بن سکتا ہے؟ شاید ہاں بھی اور نہیں بھی۔

ہاں، اس لیے کیونکہ انڈیا کے موجود حالات میں جہاں ہندو قوم پرست اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو یا تو طاقت اور پیسے کہ بل پر یا پھر خوف وہراس پھیلا کر دبانے کی کوشش کرتے ہیں پھر بھی کچھ جرات مند لوگ بے حوف و خطر اپنی بات کہنے یا آواز بلند کرنے میں ذرا نہیں ہچکچاتے۔

ایسے ہی لوگو ں میں فلمساز ابھینو سنہا کا نام بھی شامل ہے۔ ابھینو سنہا کی فلم ‘ملک’ اگلے ہفتے رلیز ہونے والی ہے جو دہشت گردی، مسلمان اور ان کی حب الوطنی پر سوال اٹھانے والوں سے سوال کرتی نظر آتی ہے۔

بحر حال ابھینو کی اس جرات پر انھیں مسلمانوں کا ہمدرد اور ملک دشمن کہا جا رہا ہے فلم کے ٹریلر کی رلیز کے موقعے پر ابھنیو کا کہنا تھا کہ کسی بھی انڈین مسلمان کو کسی کے سامنے یہ ثابت کرنے ضرورت کیوں ہو کہ وہ اپنے وطن سے محبت کرتا ہے یا نہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ دوسری جانب ‘آج انڈیا میں ہندو کو یہ ثابت کرنا پڑ رہا ہے کہ ان کو اپنے دھرم سے کتنی محبت اور وہ دوسرے کے مذہب سے کتنی نفرت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’آپ کے بچے ہندو ہیں یا مسلمان؟‘

بالی وڈ میں موسم معافی تلافی کا

حالانکہ ابھینو کہتے ہیں کہ ‘یہ فلم کسی حکومت یا تنظیم کے بارے میں نہیں بلکہ خود انڈینز کے بارے میں ہے کہ ہم کیسے خود اپنا ہی بیڑہ غرق کر رہے ہیں۔’ کاش ابھنیو کی یہ بات ان لوگو ں کی سمجھ میں بھی آجائے جو ملک کی زمین پر نفرت کی لکیریں کھینچ رہے ہیں!

فلم ساز رام گوپال ورما کے بارے میں شاید یہ بات کافی حد تک صحیح ثابت نظر آتی ہے کہ ‘خالی دماغ شیطان کا گھر ہوتا ہے’ اور رامو آج کل بالکل خالی ہیں۔

اسی لیے بیٹھے بیٹھے سوشل میڈیا پر مفت کی پبلیسٹی بٹورنے کی کوشش کرتے ہیں وہ بھی انتہایی بھونڈے انداز میں کبھی سنی لیونی کے نام پر تو کبھی ٹایگر شروف کے سہارے۔

یہ بھی پڑھیے

سنی لیونی رام گوپال ورما پر بھاری پڑ گئیں

رام گوپال ورما کی ‘گاڈ،سیکس اینڈ ٹروتھ‘

اس بار رامو نے ‘سنجو’ فلم کو اپنا نشانہ بنایا ہے جس نے تین سو کروڑ کا ہندسہ پار کر لیا ہے۔ اب رامو کا کہنا ہے کہ انھوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ سنجے دت پر ایک اور بائیو پک بنائیں گے جو ان کی زندگی کے صرف اس پہلو کے گرد گھومے گی جب وہ ٹاڈا قانون کے تحت جیل گئے تھے۔

رام گوپال ورما کہتے ہیں کہ ابھی انھوں نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ فلم میں سنجے دت کا کردار کون نبھائے گا لیکن وہ فلم بنانے کا ارادہ کر چکے ہیں۔

جھانوی

یہاں جھانوی کپور کو فلم دھڑک کے اداکار کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے

رواں سال فروری میں انتقال کرنے والی بالی وڈ اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور کی پہلی فلم ‘دھڑک’ ریلیز ہو چکی ہے۔

فلم کی ریلیز کے موقعے پر جھانوی کے بھائی ارجن کپور اور بہن خوشی اور ترشالہ کے ساتھ ان کے پاپا اور بالی وڈ کی بڑی بڑی شخصیات موجود تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

‘آپ خاندان کی طاقت اور میری سب سے اچھی دوست تھیں’

سری دیوی بالی وڈ کو غمزدہ کر گئیں

جھانوی کا کہنا تھا کہ ایسے میں انھیں اپنی ماں کی شدت سے کمی محسوس ہوئی اس لیے وہ ریلیز پر ان کی تصویر ساتھ لائی تھیں۔

اس فلم کی شوٹنگ کے پہلے روز سری دیوی اپنی بیٹی کے ساتھ تھیں تب انھوں نے سوچا بھی نہ ہوگا کہ رلیز کے موقع پر وہ نہیں بلکہ انکی تصویر رہے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp