غیر متوقع شراکت دار: چین اور اسرائیل کے گہرے ہوتے تجارتی روابط


چین

چینی صدر شی جن پنگ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے کئی مواقع پر تعلقات کے فروغ پر زور دیا

چین دنیا کا دوسرا بڑا اور سب سے زیادہ برآمدات کرنے والا ملک ہے۔ جبکہ اسرائیل مشرق وسطی میں ایک چھوٹی سے زمینی پٹی ہے۔ یہ برآمدات کرنے والی عالمی ممالک میں 45 ویں نمبر پر آتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اسرائیل امریکہ کا پکا اتحادی ہے لیکن حیران کن طور پر چین اور اسرائیل میں غیر متوقع تجارتی شراکت داری بڑھی ہے۔

چین اور امریکہ کی حالیہ تجارتی لڑائی کے بعد آپ توقع کرتے ہیں کہ شاید اسرائیل امریکہ کا ساتھ دے گا۔

تاہم کئی لوگ یہ نہیں جانتے کہ اسرائیل میں چین کی سرمایہ کاری بڑھتی جا رہی ہے اور کئی اسرائیلی کمپنیاں چین کی مارکیٹ میں جگہ بنا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سرمایہ اور چین اور امریکی حکومتیں

کیا چین ایران کو اقتصادی بحران سے نکال سکتا ہے؟

جہاں ایک طرف ڈونلڈ ٹرمپ چینی برآمدات پر محصولات عائد کیے جا رہے ہیں وہیں اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی صدر بنیامن نیتن یاہو اپنے ملک کی کمپنیوں کو چینی سرمایہ کاری قبول کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

ایک چینی اخبار ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق سنہ 2016 میں اسرائیل کی چین میں براہِ راست سرمایہ کاری تین گنا اضافے کے ساتھ 16 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔

اسی اثنا میں اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے پیش گوئی کی ہے کہ چین اسرائیل میں سرمایہ کاری کے معاملے میں امریکہ پر سبقت لے جائے گا۔

تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان دونوں ممالک کو کیا چیز قریب لائی اور کیا اسرائیلی کمپنیوں کو محتاط ہونا چاہیے۔

چین

چینی کمپنیاں نہ صرف اسرائیلی کمپنیوں کو خرید رہی ہیں بلکہ وہ اسرائیلی تعمیراتی کام میں بھی حصہ لے رہی ہی

گذشتہ دو دہائیوں میں اسرائیلی کمپنیوں نے خود کو ٹیکنالوجی کے قابلِ ذکر گڑھ کے طور پر منوایا۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ چینی کمپنیاں بھی اس ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا چاہتی ہیں جبکہ اسرائیلی کمپنیاں چین کی بڑی مارکیٹ تک رسائی چاہتی ہیں۔

اسرائیل میں موبائل کی اشتہاری کمپنی ’ٹیپٹیکا‘ کے چیف ایگزیکٹو ہگائی تال کا کہنا ہے کہ چینی اسرائیل کی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو فائدہ دے رہے ہیں تاکہ ان کی معیشت کو توانائی ملے کیونکہ اسرائیل نے ایجادات کے گڑھ کے طور پر اپنی پہچان بنائی ہے۔ ‘

’چین چاہتا ہے کہ وہ ان سے زیادہ سے زیادہ سیکھ کر ایجادات کے معاملے میں بھی اپنی پوزیشن مستحکم کرے۔‘

ڈرون

اسرائیل نے گذشتہ دو دہائیوں میں ٹیکنالوجی کی دنیا میں اچھا مقام بنایا ہے

اسرائیلی اور چینی کمپنیوں کو ایک ساتھ لانے کے لیے ہر سال کئی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ جیسے کہ ’سیلیکون ڈریگن اسرائیلی‘ جو تل ایبب میں ہوتا ہے اور چائنا اسرائیل اینوویشن سمٹ جو رواں ماہ کے آغاز میں گوانگڈانگ میں ہوا۔

بینجگ کی گیلے یونیورسٹی میں تجارت سے متعلق تعلیم دینے والے اسرائیلی ڈینیئل گیلیلے کا کہنا ہے کہ ’چین کے تعلیمی نظام میں اطاعت اور اپنے سے بڑوں کی فرمانبرداری پر زور دیا جاتا ہے جبکہ اسرائیل کے تعلیمی نظام اور فوج میں بھی نئے خیالات کے بارے میں غور کرنے اور غیر یقینی حالات میں مسائل کے حل سوچنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔`

’چینیوں کو سمجھ آ گئی ہے کہ انہیں اپنی معیشت کے لیے اسرائیلیوں کی تخلیقی صلاحیت چاہیے۔ ‘

جہاں ایک طرف چینی اور اسرائیلی کمپنیاں ایک دوسرے سے فائدہ اٹھا کر خوش ہیں وہیں کچھ مبصرین بے چین بھی ہیں۔

پینلسوینیا میں قائم سائبر سکیورٹی کمپنی کے بانی جیسن مکنیو کا کہنا ہے کہ ’میری نظر میں اسرائیل کے لیے اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ چین دوسرے ممالک کے دانشورانہ املاک کے قوانین کا احترام نہ کرنے کے لیے بدنام ہے۔ اس لیے اسرائیل کو بہت محتاط رہنا ہوگا کہ وہ چین کے لیے کس قسم کی اشیا بنا رہے ہیں۔‘

چین

مبصرین کو خدشہ ہے کہ بالآخر یہ ٹیکنالوجی ہتھیار سازی کے لیے چینی فوج کے ہاتھوں میں چلی جائے گی

کارنیگی میلن یونیرسٹی کے ہینز کالج میں معیشت اور عوامی پالیسی کہ پروفیسر لی برینسٹیٹر کا کہنا ہے کہ امریکہ میں یہ خدشہ پایا جاتا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی ٹیکنالوجی بالآخر چینی ہاتھوں میں چلی جائے گی۔

’پینٹا گون کو یہ تشویش ہے کہ چین میں شہری سرمایہ کاری اور لائسنس کے معاہدوں کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی جو قابلیت حاصل کر لی گئی ہے اس کے باعث چینی ہتھیاروں کی ایک نئی نسل تیار ہو جائے گی جو کہ امریکی فوج اور امریکی اتحادیوں کے لیے ایک خطرہ ہو سکتی ہے۔ ‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اسرائیل چین کے لیے ان صلاحیتوں کے حصول کے لیے چور راستہ ثابت ہو سکتا ہے جو امریکی کڑی جانچ کے باعث اس کے لیے ممکن نہیں ہے۔`

پروفیسر لی برینسٹیٹر کا کہنا تھا ’میرا نہیں خیال کہ اس سے چین اور اسرائیل کے تعلقات کے نوعیت مںی کوئی فرق پڑے گا تاہم اگر اسرائیلی ٹیکنالوجی سے بنے کسی چینی میزائل سے کوئی امریکی جہاز مار گرایا گیا تو یہ اسرائیل کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہو سکتا ہے۔‘

اسرائیلی حکومت نے سلامتی اور دفاع سے متعلق مسائل پر کسی قسم سے تبصرے سے انکار کر دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32538 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp