عابد باکسر نے اداکارہ نرگس پر تشدد اور بال مونڈنے کا اعتراف کر لیا 


سابق پولیس انسپکٹر اور جعلی پولیس مقابلوں کے ماہر عابد باکسر اس وقت پاکستان واپس آ چکے ہیں اور گزشتہ روز انہیں دس مقدمات میں ضمانت بھی مل گئی ہے تاہم اب وہ میڈیا پر بھی آنا شروع ہو گئے ہیں اور انہوں نے مبینہ طور پر کئی برس قبل نرگس کے بال مونڈنے کے معاملے پر پہلی مرتبہ کھل کر موقف دے دیاہے ۔

نجی ٹی وی 92 نیوز کے پروگرام میں صحافی ظفر ہلالی نے عابد باکسر سے سوال کیا کہ آپ کے بارے میں کہا جاتاہے کہ آپ نے ایک اداکارہ کو اٹھایا ، اس کے بال مونڈ دیئے اور اس پر تشدد کے ساتھ زیادتی کی؟ عابد باکسر نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے پر الزام یہ تھا کہ میں نے اسے مارا اور اس کے بال مونڈ دیئے۔ اس کے دو پہلو ہیں، ایک قانونی اور دوسرا اخلاقی ۔ قانونی موقف یہ ہے کہ پہلے انہوں نے مجھ پر مقدمہ کروایا اور اس کے بعد خود عدالت میں گئیں اور کہا کہ میں نے غلط فہمی کی بنیاد پر مقدمہ درج کروایا تھا۔ ان کے اس بیان کی بنا پر مجھے بے گناہ قرار دے دیا گیا۔

عابد باکسر کا کہنا تھا کہ اخلاقی طور پر اس واقعے سے اداکارہ نرگس اور ان کے ساتھ جڑے ہوئے لوگوں، اپنی فیملی اور مجھ سے جڑے ہوئے لوگوں کی جو دل آزاری ہوئی ہے، میں اس کی معافی چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ عابد باکسر پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر اداکارہ نرگس کے سرکے بال مونڈ دیئے تھے اور ان کو اس قدر شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا کہ اداکارہ کے بقول وہ ہمیشہ کے لئے ماں بننے سے محروم ہو گئیں۔

ظفر ہلالی کے سوالات پر عابد باکسر کے جوابات کی وڈیو ملاحظہ فرمائیں


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).