صدر ٹرمپ کی پلے بوائے ماڈل کو رقم دینے کی گفتگو ریکارڈ


کیرن میکڈوگل
نیو یارک ٹائمز کے مطابق اس گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ مائیکل کوہن کو ماڈل کیرن میکڈوگل کو پیسے دینے کے بارے میں بات کر رہے تھے

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے صدر ٹرمپ کی وہ گفتگو ریکارڈ کی ہے جن میں وہ میگزین ‘پلے بوائے’ کی ایک ماڈل کو رقم کی ادائیگی کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

اس گفتگو کے ٹیپس چند ماہ قبل امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے نیو یارک میں مائیکل کوہن کے گھر چھاپے کے دوران برآمد کی تھیں۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق اس گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ مائیکل کوہن کو ماڈل کیرن میکڈوگل کو پیسے دینے کے بارے میں بات کر رہے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ ٹیپ نومبر 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات سے دو ماہ قبل ریکارڈ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ماڈل کیرن میکڈوگل نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ معاشقہ تھا۔ انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ان کا معاشقہ 2006 میں دس ماہ تک جاری رہا تھا جب ان کی میلانیا ٹرمپ سے شادی کو ایک سال ہو چکا تھا۔

مائیکل کوہن پر ابھی تک فرد جرم عائد نہیں ہوئی ہے لیکن ان سے تفتیش جاری ہے اور یہ جاننے کے کوشش کی جا رہی ہے کہ کیا انھوں نے بینک اور ٹیکس میں کوئی دھوکہ دہی اور انتخابی قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں کی ہے۔

مائیکل کوہن کے وکیل لینی جے ڈیوس نے جمعے کو جاری کیے گئے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ ‘یہ کہنا کافی ہوگا کہ ٹیپ ریکارڈنگ میں شامل مواد سے مائیکل کوہن کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔’

یاد رہے کہ انتخابات سے پہلے ماڈل کیرن میکڈوگل نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دوست کے جریدے نیشنل انکوائرر کو اپنی کہانی فروخت کی تھی اور کہا تھا کہ ڈیڑھ لاکھ ڈالر کے عوض انھوں نے اس کے حقوق بیچ دیے ہیں اور وہ اس مبینہ معاشقے کے بارے میں کھلے عام بات نہیں کر سکیں گی۔

لیکن جریدے نے ان کی یہ کہانی نہیں چھاپی اور میکڈوگل نے کہا کہ ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔

جمعے کو ہی صدر ٹرمپ کے ایک اور وکیل روڈی گلیانی نے پہلے نیویارک ٹائمز کو تصدیق کی کہ صدر ٹرمپ اور مائیکل کوہن نے کیرن میکڈوگل کو رقوم دینے کے بارے میں بات چیت کی تھی لیکن اس رقم کا تبادلہ نہیں ہوا۔ لیکن بعد میں اخبار سے بعد کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان دونوں نے نیشنل انکوائرر کو پیسے دینے کے بارے میں بات کی تھی تاکہ جریدے کو وہ رقم مل جائے جو انھوں نے ماڈل کو ان کی کہانی کے عوض ادا کی تھی۔

صدر ٹرمپ نے کیرن میکڈوگل کے ساتھ کسی بھی معاشقے کی تردید کی لیکن اس سال مئی میں یہ اعتراف کیا کہ انھوں نے مائیکل کوہن کو ایک خاتون کے ساتھ معاشقہ رکھنے کے بعد خاموش رہنے کے لیے رقم ادا کی ہے۔

سٹورمی

اس سے پہلے صدر ٹرمپ پورن سٹار سٹارمی ڈینئیلز کو ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی کی تردید کر چکے ہیں

اس سے پہلے صدر ٹرمپ پورن سٹار سٹارمی ڈینئیلز کو ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی کی تردید کر چکے ہیں۔

مائیکل کوہن ماضی میں کہہ چکے ہیں ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے لیے گولی کھانے کو بھی تیار ہیں لیکن اس کے بعد انھوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے لیے اپنے خاندان اور اپنے وطن سے وفاداری صدر ٹرمپ سے پہلے آتی ہے۔ صدر ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ مائیکل کوہن اب ان کے وکیل نہیں رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32187 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp