اکرم خان درانی پر دوسرا حملہ


اکرم خان درانی کے قافلے پر فائرنگ، سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محفوظ رہے

سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم خان درانی کے قافلے کو ایک بار پھر دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم خان درانی کے قافلے کو بنوں کے قریبی علاقے میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ انتخابی مہم کیلئے جا رہے تھے۔ دہشتگردوں کی جانب سے ان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی تاہم خوش قسمتی سے وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

واضح رہے کہ اکرم خان درانی بنوں کے قومی اسمبلی کے حلقہ سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ بنوں کا یہ حلقہ اکرم خان درانی کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے اس علاقے میں اپنے وزارت اعلیٰ کے دور میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے تھے۔

اکرم خان درانی کو انتخابی مہم کے دوران دوسری بار نشانہ بنایا گیا ہے۔ پہلی بار ان پر 13 جولائی کو موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد کے ذریعے بنوں کے نواحی علاقے ہوید میں حملہ کیا گیا تھا۔ اس بم دھماکے میں 4 افراد شہید اور 39 زخمی ہوئے تھے ، اسی روز مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کے جلسے میں بھی خود کش دھماکہ کیا گیا تھا جس میں 149 افراد شہید ہوئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).