نواز شریف کو جیل میں کاغذ قلم دینے سے انکار؛ صرف پی ٹی وی دیکھنے کی اجازت


نواز شریف جیل میں کون ساچینل دیکھیں گے؟

احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صرف سرکاری چینل دیکھنے کی اجازت ہوگی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو جیل میں ‘بی کلاس تو دی گئی ہے لیکن ان کے بقول وہ سہولتیں نہیں دی گئیں جن کے وہ متقاضی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں مجرم قرار پانے والے میاں نواز شریف نے یہ شکوہ اپنے ان چند قریبی لوگوں کے ساتھ کیا ہے جنہوں نے گذشتہ چند روز میں ان سے ملاقاتیں کی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جیل کی انتظامیہ نے نواز شریف کو ایک عدد ٹی وی فراہم کیا ہے جو کہنے کو تو کلر ٹی وی ہے لیکن اس کے رنگوں کا پتہ نہیں چلتا اور نہ ہی وہاں پر کوئی چینل آتا ہے۔

نواز شریف نے جب جیل کے حکام سے کہا کہ ٹی وی پر کچھ نظر نہیں آرہا تو ٹی وی کی ٹوینگ کی گئی جس کے بعد صرف دو چینل ہی آئے جن میں سے ایک پی ٹی وی ہوم اور دوسرا پی ٹی وی سپورٹس تھا۔

انہوں نے جب جیل کے اہلکار سے پوچھا کہ کوئی اور چینل بھی ہے جس پر اہلکار کا کہنا تھا کہ ‘سر صرف پی ٹی وی ہوم اور پی ٹی وی سپورٹس کی اجازت ہے۔‘

اڈیالہ جیل کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ میاں نواز شریف نے متعدد بار جیل کے حکام سے کچھ تحریر کرنے کے لیے کاغذ اور قلم مانگا ہے لیکن جیل کے حکام نے یہ مواد فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

اہلکار کے بقول سابق وزیر اعظم کو ایک عدد اخبار بھی روزانہ فراہم کیا جاتا ہے تاہم یہ اختیار جیل انتظامیہ کے پاس ہے کہ وہ کونسا اخبار نواز شریف کو پڑھنے کے لیے دیتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).