جادوئی نسخہ برائے ضرورت رشتہ


پرانے وقتوں کی بات ہے جب بچوں کا رشتہ طے کرتے وقت گھر، خاندان، رشتہ داریاں، سب دیکھی جاتی تھیں اس کے باوجود بہو یا ساس، نند کی زبان کے جوھر شادی کے بعد ہی کھلتے تھے یہا ں تک کہ اکثر اوقات سیدھا سادہ دکھا ئی دینے والا نوجوان داماد بنتے ہی ایسے زبانی جو ہر دکھاتا کہ عقل دنگ رہ جا تی، پھر وقت کچھ آگے بڑھا، زمانہ بدل گیا اور ہم اکیسویں صدی میں داخل ہو گئے جس کے ساتھ ہی بچوں کا رشتہ طے کرنے کا طریقہ کار بھی کچھ تبدیل ہوا اور اکثر شادیاں لڑکے اور لڑکیوں کی باھمی رضامندی سے طے پانے لگے۔

ماں باپ کی ذمہ داریاں دونوں طرف سے کافی کم ہوگءیں لیکن پھر بھی ساس، بہو کے زبانی کمالات کا علم شادی کے بعد ہی ہوتا اور اب تک ایسا ہی ہے جس کا کوئی حل دکھا ئی نہیں دیتا لیکن اب مجھے ایک ایسا جادوئی نسخہ مل گیا ہے جس پر عمل درآمد کرتے ہی آپ کو اچھی بہو اور ایک خوشگوار ساس ڈھونڈ نے میں کافی آسانی میسر آسکتی ہے لہذا وہ تمام خواتین جو اپنے بچوں کے رشتہ کی تلاش میں ہیں فورأ فیس بک پر اپنا اکاؤنٹ بنا لیں کیونکہ ابھی بھی انتخابات میں چند باقی ہیں اور ہر مردوزن اپنے حسن اخلاق کے جوھر فیس بک پر بکھیرتا دکھائی دے گا۔

آپ بھی کسی سیاسی جماعت کے خلاف ایک اسٹیٹس لگا دیں اور پھر کمال دیکھیں، آپ کے اسٹیٹس پر نظر آنے والے جملے بتا دیں گے کہ کون کس خاندان سے تعلق رکھتا ہے، اور آپ کو فیصلہ کرنے میں آسانی ہو جائے گی جو بندہ یا بندی آپ کے اسٹیٹس پر شیریں بیانی کا ہلکا سا بھی مظاھرہ کرئے اسے ہاتھ سے نہ جانے دیں اور فورأ قابو کرتے ہوئے اپنے بچے کا رشتہ طے کر دیں کہ یہ موقع اگلے پانچ سال تک دوبارہ نہ ملے گا یقین جانیں یہ ایک ایسا نسخہ ہے جس پر عمل کرنے والا سو فیصد فائدے میں رھے گا کیونکہ ان دنوں زبان قابو میں رکھنے والے آپ کو مشکل سے ملیں گے اور اگر کسی نے ایسے موقع پر زبان قابو میں رکھ لی تو وہ حقیقت میں ایک خوش گفتار شخصیت ہے

نفیسہ سعید
Latest posts by نفیسہ سعید (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).