الیکشن 2018 اور عوامی قوت


کچھ روز قبل جب عید کا آخری دن تھا تو میری سہیلی بہت افسردہ تھی۔ کہنے لگی کہ دیکھو ذرا اتنا انتظار کیا تھا اس کا، عید آئی اور چل دی، خبر تک نہ ہوئی۔ میں نے کہا تو کیا بات ہے، ابھی چند دن بعد اک اور عید آجائے گی، بہت جلد۔ وہ حیرت سے مجھے تکنے لگی کہ عیدالاضحٰی میں تو ابھی کافی وقت ہے۔ میں سمجھ گئی اور اسے کہا کہ نہیں اک اور دن ہے جو بہت اہم بہت معتبر ہے کہ جب اک عام انسان کو اس کا صحیح رتبہ اور مقام سمجھ میں آتا یے۔ یہ وہ دن ہے کہ جو اقوام کی تاریخ میں سب سے اہم سمجھاجاتا ہے، اس دن عوام عدالت لگانے کی حقدار ہوتی ہے، ان کا اک اک نشان کسی کو فتح یاب یا شکست پا کرنے میں کارگر ثابت ہوتا ہے، کہ جب وہ نہ صرف اپنی گردن میں گڑے انسان نما آدم خوروں کے دانتوں سے اپنا گلا چھڑا سکتے ہیں بلکہ ان کے دانت اپنی جمیوری قوت کے استعمال سے کھٹے بھی کر سکتے ہیں۔

یہ دن ہر سال نہیں آتا، پانچ پانچ سال انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اور ہمارے یہاں اس دن کو ایسے منایا جاتا ہے کہ جیسے عید ہو۔ گزشتہ روز گلی محلوں کی رونق تو سب نے دیکھی ہی ہو گی۔ کل اس رونق کی انتہا یا اختتام ہو گا اب اس کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے۔ گر حقائق کی روشنی میں ضمیر کے درج کیے الفاظ پڑھ کر ووٹ ڈالا تو خوشی کی انتہا ہو گی اور اسی انتہا کے ساتھ اک نئے روز نئی شب نئی زیست کا آغاز ہو گا اور اگر فقط دھڑےبازی اور کسی سے بے جا چڑ اور مخالفت میں یا پھر کسی کی غیر سیاسی کامیابیاں گنتے ہوئے ووٹ کاسٹ کیا تو یقین جانیے کہ آپ اس خوشی کے اختتام کے ٹھیکیداروں میں سے ایک ہوں گے۔ نیز، کسی بھی پارٹی کو سپورٹ کرتے ہوئے فقط سیاسی کیمپین کے دوران چلائے گئے اشتہارات کی بنا پر ووٹ کاسٹ مت کیجئے کیونکہ جناب یہ انسان ہے جو جھوٹ کا فتنہ بنانا اور اسے پالنا اور سنوارنا خوب جانتا ہے۔ سو آنکھوں دیکھی ترقی پر مہر لگائیے۔ اپنے اپنے حلقے سے صحیح، قابل اور با اعتماد ووٹرز کا انتخاب کیجئے گا۔ خدارا یہ پارٹی بازی کا چورن خریدنا بند کیجئے۔

اس عید کی خاطر پانچ سال انتظار کیا ہے۔ میں چاہتی ہوں آج کا دن پاکستان کے لئے عید کا دن ثابت ہو کہ جس کی خوشیاں اگلے پانچ سال سمیٹے نہ سمٹیں۔ اپنا حق استمعال کرو کہ تم ہی حقیقی تبدیلی اور انقلاب ہو اور دین کے تابع فرمان ہو کر رہنا۔ ہر قسم کے جھگڑے فساد سے باز رہو۔ صرف اپنے ہم خیال کو نہی بلکہ ہر انسان کو عزت دو، ہم سب مل کر ہی اک باہم قوت اک قوم بنتے ہیں۔

فرد قائم ہے ربط ملت سے تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں۔
میرے عزیز ہم وطنو! اک دوجے کو عزت دو اور
#عید۔ منانے۔ کو۔ تیار۔ رہو
انشاءاللہ


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).