الیکشن ہوگئے!


اسے ذوالفقار علی بھٹو کی جیت سے تشبیہہ اس لیے نہیں دینا چاہیے کہ ریاستی بندوبست بھٹو کے ساتھ نہیں، ان کے مخالفین کے ساتھ کھڑا تھا۔

انتخابات میں قرعہ فال عمران خان صاحب کے نام نکلا ہے، اگلے پانچ برس بغیر کسی چوں کے اور بغیر کسی چراں کے ان کا استحقاق ہونا چاہیے۔

اگر کسی جماعت کو انتخابات کی شفافیت پر سوال ہے تو ضرور سوال اٹھانا چاہیے مگر اس کی بنیاد پر ستتر جیسی یا ماضی قریب کے ادوار جیسی کوئی تحریک نہیں اٹھانی چاہیے۔

دھاندلی کو محض رِکارڈ پر لاکر حوصلے کے ساتھ آگے بڑھ جانا چاہیے، جیسا کہ دوہزار تیرہ میں پی پی آگے بڑھ گئی تھی۔

اگلے پانچ برس میں عمران خان صاحب کی حکومت سے ان کے انھی رواں پانچ سال کا حساب کتاب ہونا چاہیے۔ اور اسی حساب کتاب کے ساتھ اگلے انتخابات کی طرف جانا چاہیے۔

پانچ برسوں میں عوام کا کوئی مسترد دھڑا محض اس بنیاد پر سڑک گھیر کر بیٹھ جائے کہ وہ راستہ روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تو سبھی سیاسی جماعتوں کو اس دھڑے کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔

ان پانچ برسوں میں حکومت کا کسی بھی قسم کا عدالتی اور ماورائی گھیراو نہیں ہونا چاہیے۔ اراکین پارلیمان کو قائدِ ایوان سے کتنی ہی بڑی شکایت ہو، ایوان ہی میں بیٹھ کر اس کا حل نکالنا چاہیے۔

عمران خان صاحب کو پورا موقع ملنا چاہیے کہ وہ اپنے منشور کے غالب حصے کو پانچ برسوں میں عملی شکل دیں۔

حزبِ اختلاف کو اگلے پانچ برسوں میں اس روایت کو فروغ دینا چاہیے کہ حزب اختلاف کا کام ہر جائز منصوبے اور پالیسی کو متنازع بنانا یا رکاوٹیں ڈالنا نہیں ہوتا بلکہ ان کا کام تعمیری تنقید کرنا، جائز نشان دہی کرنا اور بھرپور عوامی آگہی دے کر اگلی بات کی طرف بڑھنا ہوتا ہے۔

حزب اختلاف کو سیاسی کارکنوں کے اس تصور کی طرف لانا ہوگا کہ فرینڈلی اپوزیشن کوئی غیر اخلاقی سیاسی عنصر نہیں ہوتا، بلکہ یہ تدبر اور خلوص کا آئنہ دار رویہ ہوتا ہے جو نظام کو چلانے میں حکومت کی مدد کرتا ہے اور یہ کہ کسی حکومت کو تعاون فراہم کرنا ضمیر فروشی نہیں ہوتا۔

مسلسل جیسے تیسے انتخابات سے حاصل ہونے والے سیاسی شعور کا تقاضا یہ ہے کہ اگلے پانچ برسوں میں صوبوں اور وفاق کے بیچ میں وہ سب نہ ہو، جو گزشتہ دو ادوار میں پنجاب اور کے پی کے حکومت کی طرف سے ہوا۔

آخر میں حاجی غلام احمد بلور کے سیاسی اور جمہوری رویے کو سرخ سلام۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو ہرا بھرا سلام!

راج رہے بس خلق خدا کا!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).