بیوی اور پولیس کے گھر آنے پر شوہر الماری سے برآمد


’میرے گھر میں چور گھس آیا ہے‘ خاتون کی کال پر پولیس آئی تو چور کی بجائے چھپا ہوا شوہر مل گیا، وہ کیوں اس طرح چھپا ہوا تھا؟ وجہ جان کر پاکستانی مرد ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوجائیں گے
 بیوی سے چھپ کر لوگ نجانے کیا کچھ کرتے ہیں لیکن ایک چینی شہری کی بس اتنی سی خواہش تھی کہ وہ بیوی سے چھپ کر دن بھر ویڈیو گیمز کھیل سکے، لیکن بدقسمتی دیکھئے کہ یہ معصومانہ خواہش بھی ایسی الٹی پڑی کہ بیچارہ بری طرح ذلیل ہو گیا ہے۔

میل آن لائن کے مطابق صوبہ زی جیانگ کے شہر ہانزو سے تعلق رکھنے والا ڈینگ ویڈیو گیمز کھیلنے کے لئے کچھ ایسا بے تاب ہو رہا تھا کہ دفتر سے بیماری کی رخصت لے لی، لیکن بیوی کو اس بارے کچھ نہیں بتایا۔ اس کا خیال تھا کہ بیوی معمول کے مطابق اپنے دفتر چلی جائے گی اور وہ سارا دن عیاشی کرے گا۔

دن کا آغاز تو ڈینگ کے منصوبے کے مطابق ہی ہوا مگر اس کی توقع کے برعکس بہت جلد ہی گیم الٹ ہو گئی۔ اس کی بیوی نے بچوں کو ساتھ لیا اور انہیں سکول چھوڑنے کے لئے روانہ ہو گئی۔ روزانہ یونہی ہوتا تھا، وہ بچوں کو سکول چھوڑتی اور اپنے دفتر چلی جاتی اور اس دوران ڈینگ تیار ہو کر اپنے دفتر چلا جاتا تھا، البتہ اس دن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ اس کی بیوی شام کو واپس آنے کی بجائے کسی وجہ سے گھنٹے بھر میں ہی واپس آ گئی، لیکن دروازے کو اندر سے لاک دیکھ کر پریشان ہو گئی۔

دوسری جانب ڈینگ اس اچانک افتاد پر سخت بوکھلا گیا اور بیوی کی ڈانٹ سے بچنے کے لئے ایک الماری میں چھپ کر بیٹھ گیا۔ اندر سے کھٹ پٹ کی آوازیں سن کر بیوی سمجھی کہ گھر میں چور گھس آیا ہے اور فوراً پولیس کو خبر کر دی۔ چند منٹ میں ہی پولیس وہاں پہنچ گئی اور جب گھر کی تلاشی لی گئی تو الماری میں سے ’چور‘ برآمد ہوگیا۔ جب ایک پولیس اہلکار نے اسے بازو سے پکڑ کر باہر کھینچا تو اس کی بیوی یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئی، اور جب اس نے چلا کر کہا کہ ’’یہ تو میرا شوہر ہے!‘‘ تو پولیس اہلکار بھی کچھ پریشان سے ہو گئے۔یہ معاملہ ان کی سمجھ سے باہر تھا کہ اگر وہ خاتون کا شوہر تھا تو اپنے ہی گھر کی الماری میں چوروں کی طرح چھپ کر کیوں بیٹھا تھا۔

بہرحال، پوچھ گچھ ہوئی تو اس نے ساری کہانی بیان کر دی، جس سے پولیس اہلکار خاصے محظوظ ہوئے۔ ڈینگ کی بیوی البتہ اس کی گھٹیا حرکت پر سخت برہم تھی۔ پولیس اہلکاروں نے بھی صورتحال کو سمجھتے ہوئے خود مزید کاروائی کرنے کی بجائے ڈینگ کو اس کی بیوی کے حوالے کیا اور وہاں سے رخصت ہو گئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).