فٹ بال کھیلنا بزرگ افراد کے لیے نقصان دہ نہیں ہے؛ سائنسی تحقیق


ذیادہ عمر کے افراد فٹبال کھیل کر ذیابیطس اور ہڈیوں کی بوسیدگی سے دور رہ سکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

ذیادہ عمر کے افراد فٹبال کھیل کر ذیابیطس اور ہڈیوں کی بوسیدگی سے دور رہ سکتے ہیں۔

ایک جانب تو خود عمر رسیدگی سے ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں تو دوسری جانب اس عمر میں ذیابیطس کے کنارے پر موجود افراد میں ہڈیوں کا عارضہ دوچند ہوجاتا ہے۔ اس ضمن میں ہلکی پھلکی فٹبال کھیلنا یا اس کی ٹریننگ لینا بہت مفید ثابت ہوسکتی ہے۔

یونیورسٹی آف سدرن ڈنمارک اور اور یونیورسٹی آف فیریو آئی لینڈز کے ماہرین نے کہا ہے کہ فٹ بال کھیلنے کا عمل ادھیڑ عمر سے لے کر بوڑھے افراد کی ہڈیاں مضبوط بناتا ہے۔ شائع شدہ اس تحقیق کے مطابق ایک جانب تو اس سے قلبی صحت بہتر ہوتی ہے تو دوسری جانب ہڈیوں کی مضبوطی پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ڈنمارک سدرن یونیورسٹی کے پروفیسر اور ریسرچ پروجیکٹ کے لیڈر میگنی موہر نے اپنی رپورٹ میں بتایا  کہ ’اولاً تو بڑھاپے میں ہڈیاں بھربھری ہو جانے کے باعث ان میں فریکچر کی شرح بڑھ جاتی ہے اور دوم ٹائپ ٹو ذیابیطس یا ذیابیطس کے کنارے پہنچنے والے بزرگوں میں اس کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے۔ اس ضمن میں فٹبال کھیلنے اور مناسب غذا سے ہڈیوں کے امراض کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے‘۔

اس ریسرچ کے لیے ماہرین نے 55 سے 70 برس سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد منتخب کئے جو ذیابیطس کے شکارہونے والے تھے اور 16 ہفتوں تک انہیں فٹبال کی مشق کرائی گئی جس کے بعد شرکاء کی ہڈیوں کی صحت ظاہر کرنے والے ڈی ایکس اے اسکین لیے گئے اور خون میں بایو مارکر دیکھے گئے۔

حیران کن طور پر تمام شرکاء کی ران کی ہڈی کے اوپری کناروں کے گولے میں معدنی ارتکاز 3.2 فیصد اور ران کی ہڈی کے درمیانے حصے میں 2.5 فیصد اضافہ ہوا ۔ اس کے علاوہ پلازما اسٹیوکیلسن (ہڈیوں کے لیے ضروری پروٹین) اور پی ون این پی کی شرح بالترتیب 23 اور 52 فیصد بڑھی جو فٹبال کی افادیت ظاہر کرتا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ درمیانی عمر اور ضعیف افراد اگر فٹبال کھیلیں تو وہ ذیابیطس جیسی خطرناک بیماری سے بھی دور رہ سکتے ہیں۔

(بہت زیادہ کمزور ہڈیوں یا دمے کے شکار افراد پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔ ادارہ)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).